اسلام آباد..تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تحریک استحقاق قومی اسمبلی میں جمع کرادی ۔ اس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے پانامہ لیکس کے معاملے پر اسمبلی میں جھوٹ بولا جس سے ایوان کا استحقاق مجروح ہو۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان میں تالیاں بجانے نہیں اپنی بات کرنے جائیں گے۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے اسی کی بنیاد پر تحاریک پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مے فیئر فلیٹس اور پانامہ کمپنیوں کے حوالے سے جواب طلب کرنے پر کہا گیا تھا کہ ہمارے پاس تمام دستاویز موجود ہیں ۔ اس کے برعکس عدالت میں وزیر اعظم کے وکیل نے سپریم کورٹ میں کہا کہ پارلیمنٹ میں کی جانے والی تقریر سیاسی تھی۔انہوں نے کہا کہ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائی ملتوی کر کے پہلے اس پر بحث کی جائے کہ وزیر اعظم نے اسمبلی سے مبینہ طور پر جھوٹ بولا ہے۔اب پتہ چلے گا کہ پارلیمنٹ جواب طلب کرے گی یا نہیں؟








