Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعتزازایسے دولہا ہیں جسے گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرالے والے ، فضل الرحمن

لاہور...مسلم لیگ ن ،متحدہ مجلس عمل و دیگر اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ڈنڈے کھانے کیلئے ہم قابل قبول مگر صدارتی الیکشن کے لئے نہیں!!پیپلز پارٹی نے مجھے مشترکہ اپوزیشن کا کنوینر نامزد کیا،اس اعتماد کا تقاضہ پورا کرنا چاہیے۔ن لیگ کے صدر شہبازشریف سے ملاقات کے بعد حمزہ شہباز اور سعد رفیق سمیت دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ صدارتی الیکشن کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے مجھ پر اعتماد کیا، ن لیگی قیادت صدارتی معرکہ سر کرنیکیلئے مکمل یکسو ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی تمام اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار کو قبول کرے ، کوشش ہے صدارتی الیکشن کا معرکہ مشترکہ طور پر لڑیں۔ا یم ایم اے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیے ،زرداری صاحب حزب اختلاف کی وحدت کیلئے مشترکہ امیدوار پر اتفاق کریں،انہیں اپوزیشن کو تقسیم کرنے کا کام نہیں کرنا چاہیے۔ان کا کہناتھاکہ حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے مجھ پر اورایم ایم اے پر اعتماد کیا ہے،شہبازشریف کا شکرگزار ہوں انہوں نے اس محاذ پر مجھ پر اعتماد کیا۔حمز ہ شہبازشریف نے کہا کہ بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔دریں اثناء ایک انٹرویو میں  مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اعتزاز احسن ایسے دولہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے۔انہوں نے کہا کہ طنزیہ باتیں نہ کی جائیں کہ رشتہ لے کر گئے دلہا بن کر آگئے کیونکہ اعتزاز احسن ایسے دولہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے، اس لیے کیوں نہ ایسے دولہا پر اتفاق کر لیا جائے جسے سب مان رہے ہیں۔یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی امیدوار ہیں ٗ پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزار احسن کو نامزد کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

شیئر: