Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیمز کی تعمیر کیلئے اوورسیز پاکستانی بھر پو ر تعاون کریں گے ،ذوالقرنین علی خان

جدہ .... تحریک انصاف مڈل ایسٹ کے چیف کو آرڈینیٹر اور زولٹیک کے سی ای او ذالقرنین علی خان نے و زیر اعظم پاکستان عمران خان کے ڈیم کی ضرورت و اہمیت کے حوالے سے قوم کے نام پیغام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔اگر پانی کے تحفظ کےلئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل قریب میں قحط سالی جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ہمیں اس مسئلے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر نئے ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے۔ اوور سیز پاکستانی محب وطن ہیںاور وہ ڈیمز کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے کیونکہ یہ آنے والی نسل کی بقا کا سوال ہے۔ آبی ذخائر کی تعمیر کے سلسلے میں مزید غفلت اور تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا کہ وہ سرکاری اور قانونی ذرائع سے ڈیمز فنڈ میں مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈیمز فنڈ کا اعلان سرکاری سطح پر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کی اپیل کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا بھی تحریک انصاف کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اپیل کی بیرون ملک مقیم پاکستانی رجسٹریشن کرائیں تاکہ ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈال سکیں۔
 

شیئر: