Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی اور الجزائر اسلام فوبیا اور انتہا پسندی کی مزاحمت پر متفق

الجزائر.... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ رابطہ اور الجزائر اسلام فوبیا انتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ افکار کی مل جل کر مزاحمت کریں گے۔ دین اسلام کی حقیقی تصویر عالمی رائے عامہ کے سامنے لائیں گے۔ وہ الجزائر میں قومی اسمبلی کے اسپیکر عبدالقادر بن صالح کے ساتھ گفت وشنید کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے بتایا کہ رابطہ عالم اسلامی اور الجزائر کی اسلامی سپریم کونسل نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت فریقین مکالمے، رواداری اور اعتدال پسندی کے پرچار کیلئے علماءکی حوصلہ افزائی کریں گے۔ علمی سرگرمیاں منظم کریں گے۔ تشدد اور نفرت کے پرچار کی مزاحمت کریں گے۔ دہشت گردی پر اکسانے اور انتہا پسندانہ افکار کے سدباب کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ معاہدے پر رابطے کی طرف سے شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ او راسلامی سپریم کونسل کی جانب سے اس کے سربراہ شیخ ڈاکٹر بو عبداللہ غلام اللہ نے دستخط کئے۔ معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ دونوں ادارے ترجمے اور علمی تحقیق کے مشترکہ منصوبے نافذ کریں گے۔ مختلف کتابیں تیار کر کے شائع کریں گے۔ علمی اور ثقافتی تعاون کے رشتے استوار کریں گے۔ العیسیٰ نے کہا کہ نامانوس فتوﺅں کی درآمد پرپابندی لگانا ضروری ہے۔ فتوے زمان و مکان کی ضرورتوں اور تقاضوں کو مدنظر رکھ کر جاری کئے جاتے ہیں۔ ایک علاقے کے فتوے دوسرے علاقے کے حالات سے میل نہیں کھاتے۔ انہو ںنے اسلامی اعتدال پسندوں اور انتہا پسندانہ عناصر کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل اور زیر بحث آنے والے امو رپر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ابن صالح نے اپنے یہاں دہشتگردوں سے نمٹنے اور انہیں لگام لگانے کے حوالے سے کئے گئے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔ العیسیٰ نے واضح کیا کہ انتہا پسندی، دہشتگردی اور اسلام فوبیا سے نمٹنے کا مشن جاری رکھا جائیگا جبکہ ائمہ اور مبلغین کے تربیتی پروگرام بھی نافذ کئے جاتے رہیں گے۔

شیئر: