Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا؟

  اسلام آباد ...وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پراتفاق ہوا ہے۔ بدھ کو وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے سعودی مشیر توانائی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں غلام سرور خان نے کہاکہ برادر ملک سے توانائی سمیت تمام شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں ۔ سعودی مشیر نے کہا کہ امید ہے ہمارے دورے کے مثبت نتائج نکلیں گے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور نے بتایاکہ سعودی وفد سے ملاقات اچھی رہی۔ سعودی عرب سے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پراتفاق ہوا ہے۔سعودی عرب کو تیل اور گیس کی تلاش کے 10 بلاکس میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ سعودی وفد نے تیل اور گیس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔سعودی وزیر توانائی کا دورہ اکتوبر کے آخر میں متوقع ہے۔سعودی وزیر توانائی کے دورے پر دونوں ملک ایم اویوز پر دستخط کریں گے۔ دریں اثناءٹی وی انٹرویو میں غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر کوئی بات نہیں کی۔ اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ سعودی وفد سے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری پر مثبت بات ہوئی ہے۔سعودی حکومت پہلی مرتبہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لیتی نظر آرہی ہے۔ سعودی عرب نے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کےلئے حامی بھرلی ۔ آئل ریفائنری کے قیام کیلئے شرائط و ضوابط طے ہونا باقی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی حکام کو بتایا کہ پاکستان خام تیل کی درآمد بڑھانا چاہتا ہے ۔سعودی عرب کو پاکستان میں گیس کے 10نئے ذخائر کی تلاش کی بولی میں حصہ لینے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔

شیئر: