دمام گلوبل سٹی کے دوسرے سیزن کا آغاز، 52 لاکھ افراد کی آمد متوقع
گلوبل سٹی کے دوسرے سیزن میں 23 بین الاقوامی پویلین ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
الشرقیہ ریجن کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے دمام میں گلوبل سٹی انویسٹمنٹ پروجیکٹ کے دوسرے سیزن کا افتتاح کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق پہلے سیزن کی غیرمعمولی طور پر کامیاب رہا۔ 30 لاکھ وزیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ نئے سیزن میں نئے پرکشش مقامات، ثقافتی، تفریحی اور سرمایہ کاری کے تجربات کے ذریعے 52 لاکھ سے زائد وزیٹرز کی آمد متوقع ہے۔
افتتاح کے موقع پر گورنر مشرقی ریجن شہزادہ سعود بن نایف کا کہنا تھا ’سیاحتی اور تفریحی مقامات کو ترقی دینے اور سیاحوں کے لیے مختلف نوعیت کے تجربات متعارف کرانے سے ریجن میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔‘
ایسے منصوبے اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیوں کو متحرک کرنے کے ساتھ معاشرے کے مختلف طبقات کی توقعات پر پورا اترتے ہیں۔

دمام گلوبل سٹی کے دوسرے سیزن میں 23 بین الاقوامی پویلین، پانچ انٹرنیشنل اوپن ایئر مارکیٹ، 13 ریستوان، 6 کیفے اور کھانے پینے کی اشیا کے 60 سٹالز قائم کیے گئے ہیں۔
متعدد نئے پرکشش تفریحی مقامات بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان میں ایشین ویلج ، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے تجربات کے لیے مخصوص ’فیوچر زون‘ اور ڈائناسار سٹی شامل ہیں۔

نئی تفریحی سہولتوں کا مقصد مختلف ملکوں کی ثقافتوں سے روشناس کرانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی، تفریح اور پکوانوں کے متنوع تجربات بھی فراہم کرنا ہے۔
