Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل رضا عابدی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو جیل بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر نے عدلیہ اور چیف جسٹس کے خلاف توہین آمیز بیانات سے متعلق مقدمے میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے گرفتار ملزم فیصل رضاعابدی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر کی عدالت میں پیش کیا جہاں پولیس نے فیصل رضاعابدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا۔ جج نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت میں مدعی اے ایس آئی نے بتایا کہ اس نے سوشل میڈیا پر فیصل رضا عابدی کی عدلیہ مخالف اور توہین آمیز وڈیو دیکھ کر مقدمہ درج کیا۔سوشل میڈیا پر وڈیو دیکھ کر ایف آئی آر کاٹنے پر جج سہیل ناصر حیران ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی ہورہی ہے کہ اسلام آباد پولیس اتنی ذمے دار کیسے ہوگئی؟ ایک اے ایس آئی اتنا طاقتور ہوگیا؟، یہاں تو لوگ درخواستیں دے دے کر مر جاتے ہیں اور کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ سیون اے ٹی اے تو مذاق ہوگیا ہے، جس پر دل چاہا لگادیا۔واضح رہے کہ تھانہ سیکرٹریٹ میں فیصل رضا عابدی کے خلاف عدلیہ اور چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں ہفتہ وار چھٹی ہونے کی وجہ سے ملزم کو سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

شیئر: