اردن نے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے ضمیمے منسوخ کردیئے

عمان۔۔۔۔اردن نے 1994ء کے دوران اسرائیل کے ساتھ کئے گئے امن معاہدے کے دونوں ضمیمے منسوخ کردیئے۔ اردن نے یہ فیصلہ الباقورہ اور الغمرعلاقوں کی بازیابی کیلئے کیا ہے۔ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریرکیا کہ الباقورہ اور الغمر ہماری ترجیحات میں سرفہرست تھے۔ امن معاہدے سے تعلق رکھنے والے الباقورہ اور الغمر ضمیمے منسوخ کرنے کا مقصد اردن اور اس کے عوام کیلئے ضروری اقدامات ہیں۔اردنی دفتر خارجہ نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ اس نے اسرائیلی دفتر خارجہ کو اپنے مذکورہ فیصلے سے تحریری طور پر مطلع کردیا۔ امن معاہدے کے بموجب اسرائیل کو مذکورہ دونوں علاقوں میں تصرف کا حق 25برس کیلئے دیا گیا تھا۔ اس کی ایک شق یہ تھی کہ اگر اردن نے مقررہ میعاد ختم ہونے سے ایک برس قبل دونوں علاقوں کی بازیابی کی خواہش سے اسرائیل کو مطلع نہ کیا تو ایسی حالت میں معاہدہ خود کار نظام کے تحت ایک بار پھر موثر ہوجائیگا۔25اکتوبر کو مبینہ تاریخ آرہی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -الجوف کیلئے ریلوے سروس کا آغاز 7نومبر کو ہوگا

شیئر: