Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقامی سنیما مستحکم: سعودی فلموں کا مسلسل دوسرے سال 10 کروڑ ریال کا کاروبار

اس وقت مملکت بھر کے سنیما گھروں میں تین سعودی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
سعودی فلم کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فلموں نے 2026 میں مقامی باکس آفس پر 10 کروڑ ریال سے زائد کی آمدنی حاصل کی ہے جو مسلسل دوسرے سال اس اہم سنگِ میل کو عبور کرنے کا مظاہرہ ہے۔
ستمبر کے وسط تک مملکت میں باکس آفس کی کل آمدنی میں سعودی پروڈکشنز کا حصہ تقریباً 12.7 فیصد رہا۔ یہ مقامی کہانیوں کے لیے شائقین کی مسلسل مانگ اور سنیما گھروں میں سعودی فلموں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
کمیشن کے تازہ ترین ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق 13 سے 19 ستمبر کے درمیان سعودی باکس آفس نے ایک  کروڑ 60 لاکھ ریال کی آمدنی حاصل کی جس میں 59 فلموں کے تین لاکھ 29 ہزار سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے۔
اس وقت مملکت بھر کے سنیما گھروں میں تین سعودی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں جن میں ایکشن فلم ’سیون ڈاگز‘، ایکشن کامیڈی ’عکس سر‘، اور اینیمیٹڈ فلم ’عزام دی بٹرفلائی ایفیکٹ‘ شامل ہیں۔
یہ کارکردگی مقامی سنیما کے ایک ریکارڈ سال کے بعد سامنے آئی ہے۔ کمیشن کی 2025 کی باکس آفس رپورٹ کے مطابق، 11 سعودی فلموں نے 28 لاکھ ٹکٹوں کی فروخت سے 12 کروڑ 26 لاکھ ریال کی آمدنی حاصل کی تھی۔
اگرچہ سعودی پروڈکشنز اس سال نمائش کے لیے پیش کی جانے والی 538 فلموں کا صرف تین فیصد تھیں لیکن انہوں نے باکس آفس کی کل آمدنی میں تقریباً 13 فیصد حصہ ڈالا۔ اس سال سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی پہلی 10 فلموں میں تین مقامی فلمیں ’الزرفہ‘، ’شباب البومب ٹو‘، اور ’حبل‘ شامل تھیں۔

فلم کمیشن فروری 2020 میں 11 مخصوص ثقافتی کمیشنوں میں سے ایک کے طور پر قائم کیا گیا تھا (فوٹو: فلم ایم او سی)

اس صنعت کی ترقی اس وسیع تر تبدیلی کا حصہ ہے جو 2016 میں سعودی وژن 2030 کے آغاز کے ساتھ شروع ہوئی تھی جس نے ثقافت اور تفریح کو سماجی اور اقتصادی ترقی کا بنیادی جزو قرار دیا تھا۔ تفریحی شعبے کو منظم اور تیار کرنے کے لیے اسی سال جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی بھی قائم کی گئی تھی۔
دہائیوں کی غیر موجودگی کے بعد اپریل 2018 میں سعودی عرب میں کمرشل سنیما گھروں کی واپسی ہوئی۔
فلم کمیشن فروری 2020 میں 11 مخصوص ثقافتی کمیشنوں میں سے ایک کے طور پر قائم کیا گیا تھا جسے اس شعبے کو فروغ دینے، سعودی فلم سازوں کی معاونت کرنے اور اس انڈسٹری کے نظام کو مضبوط بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔

ستمبر کے وسط تک مملکت میں باکس آفس کی کل آمدنی میں سعودی پروڈکشنز کا حصہ تقریباً 12.7 فیصد رہا (فوٹو: انسٹاگرام)

اس کے بعد سنہ 2021 میں قائم ہونے والے کلچرل ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے سرکاری تعاون کو مزید وسعت دی گئی۔ 2023 میں، اس فنڈ نے 87 کروڑ 90 لاکھ ریال کے بجٹ کے ساتھ فلم سیکٹر فائنانسنگ پروگرام شروع کیا تاکہ پروڈکشن، ڈسٹری بیوشن اور سنیما کے بنیادی ڈھانچے میں معاونت کی جا سکے اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد مل سکے۔

 

شیئر: