’موبائلز کی مفت تقسیم‘، انڈیا میں آج ہونے والا ’آئی فون لنگر‘ روک دیا گیا
’موبائلز کی مفت تقسیم‘، انڈیا میں آج ہونے والا ’آئی فون لنگر‘ روک دیا گیا
منگل 22 ستمبر 2026 10:58
اگست میں ہونے والا ’پیٹرول لنگر‘ عوام کی بھرپور توجہ کا مرکز بنا تھا (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)
انڈیا میں ’پیٹرول لنگر‘ کے بعد آج ہونے والے ’آئی فون لنگر‘ کو روک دیا گیا ہے جس میں موبائل فون بانٹے جانے تھے۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق چندی گڑھ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے ایونٹ کو اس لیے روکا گیا ہے کہ اس کی وجہ سے بھگدڑ ہو سکتی ہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
ایونٹ کا اہتمام امرتسر سے تعلق رکھنے والے راکیش تریہان نے کیا ہے جن کو ’راجہ دی کنگ‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے ’پیٹرول لنگر‘ کا بھی اعلان کیا تھا جس کی بدولت لوگوں کو مفت پیٹرول ملا تھا۔ اسی طرح اس سے قبل بھی ویامرتسر اور چندی گڑھ میں چیئرٹی کی غیر روایتی مہمیں چلا چکے ہیں۔
کچھ عرصہ پیشتر انہوں نے ایسے ہی ایک لنگر کا اہتمام کیا تھا کہ جس میں لوگوں کو مفت کھانا دینے کے علاوہ نقد رقم بھی دی جاتی تھی۔
اس کے لیے چند فاسٹ فوڈ ریستوران منتخب کیے گئے تھے جہاں جانے والوں کو برگر اور کولڈ ڈرنکس دی جاتیں جبکہ جاتے ہوئے 500 انڈین روپے بھی دیے جاتے تھے۔
راکیش تریہان نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ آج 22 ستمبر کو موہالی کی خواتین میں مفت آئی فون تقسیم کیے جائیں گے۔
چندی گڑھ کے ڈپٹی کمشنر نشانیت یادو نے پولیس کو مجوزہ تقریب روکنے کی ہدایت کی ہے۔
راکیش تریہان اس سے قبل بھی چیزوں کی مفت تقسیم کی مہمیں چلا چکے ہیں (فوٹو: چندی گڑھ لائف)
ان کا کہنا تھا کہ بھیڑ کی وجہ سے عوام کے تحفظ کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ مشورہ بھی دیا کہ مہنگے موبائل تقسیم کرنے کے جائے اولڈ ایج ہومز، یتیم خانوں یا دیگر سماجی اداروں کی مدد کی جا سکتی ہے۔
پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایونٹ کے لیے انتظامیہ سے باضابطہ طور پر اجازت نہیں لی گئی اور تقریب کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعے اطلاع ملی جس کے بعد منتظم کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتظامیہ سے اجازت لیے بغیر ایسی تقاریب کا اہتمام بی این ایس ایس کی دفعہ 163 کے تحت عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہو سکتا ہے۔
راکیش تریہان کی جانب سے کیے گئے اعلان کے بعد آئی فون قرعہ اندازی کے ذریعے دیے جانے تھے۔
پیٹرول لنگر کے موقع پر راکیش تریہان نے کہا تھا کہ اگلی بار آئی فون تقسیم کیے جائیں گے (فوٹو: ٹیکنالوجی ڈاٹ کام)
انہوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ 22 ستمبر کو چندی گڑھ اور موہالی میں آئی فون 17 اور اس سے جدید ماڈل تقسیم کیے جائیں گے جبکہ وہ اس موقع پر خود بھی موجود ہوں گے اور موبائلز تقسیم کریں گے۔
بعدازاں انہوں نے اس کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا کے سامنے قرعہ اندازی کی جائے گی اور کامیاب خواتین کو ان کے گھروں پر موبائل فون پہنچائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 سال سے زائد عمر کی خواتین کو موبائلز دیے جائیں گے، انہوں نے ایک ہزار آئی فونز کے آرڈر کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ پہلے روز 10 فون دیے جائیں گے۔
تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طریقہ کار تبدیل ہونے کے باوجود اب بھی اس ایونٹ کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ اکٹھے ہو سکتے ہیں اور کوئی حادثہ ہو سکتا ہے۔