Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات سے اقتصادی پیکیج کی توقع

اسلام آباد:  پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین سعودی عرب کی طرز پر اقتصادی پیکیج کے ممکنہ معاہدے کے لیے دونوں ملکوں کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں کسی بھی ممکنہ سمجھوتے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان امارات سے 6 ارب ڈالر کے اقتصادی پیکیج کی توقع رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں شریک اہم ذرائع نے بتایا کہ اگر پاکستان اور امارات کے وفود میں کوئی معاہدہ کامیابی سے ہوگیا تو وزیراعظم عمران خان چین کے دورے کے فوری بعد عرب امارات کے دورے پر جا سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کے دفتر میں گزشتہ روز وزارتی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ یو اے ای وفد کی قیادت وزیر مملکت اورابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرسلطان الجابرکر رہے تھے۔ واضح رہے کہ یہ وفد امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان پہنچا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے 19 ستمبرکو ابوظبی میں ملاقات ہوئی تھی اورانہوں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا۔
وزیراطلاعات فواد چودھری نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ  امارات 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے پاس رکھے گا جبکہ 3 ارب ڈالر کا تیل موخر ادائیگی پر دے گا۔ پاکستان نے یواے ای سے 5 ارب ڈالر کی مالی امداد اور 3 ارب ڈالرکا تیل موخر ادائیگی پر دینے درخواست کی ہے ۔

شیئر: