Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘پرسوشل میڈیا کی شدیدتنقید، مزاحیہ تبصرے

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور بالی وڈ بگ بی امیتابھ بچن کی نئی فلم ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘شائقین کو متاثر نہ کرسکی جس کے باعث اسے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹویٹر پر’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے اور لوگ مختلف میمز اور تصاویر کے ساتھ فلم پر مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے اپنے دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔ ایک صارف نے عالیہ بھٹ کی ایک فلم کا سین شیئر کیا جس میں وہ روتے ہوئے کہتی نظر آئیں، مجھے اپنے گھر جانا ہے اور ساتھ میں لکھا ’’ٹھگز آف ہندوستان کو 20 منٹ دیکھنے کے بعد لوگوں کی یہ حالت ہوجاتی ہے‘‘۔ ایک اور صارف نے عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ میں ان کے کردار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے میزبان امیتابھ بچن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ ’’انٹرول کے دوران سیکیورٹی گارڈ فلم بینوں سے پوچھتے ہوئے، آپ چاہیں تو واپس جاسکتے ہیں‘‘۔ ایک صارف نے میم شیئر کی، جس میں فلم  کے ڈائریکٹر وجے کرشنا اچاریہ پوچھتے نظر آئے ’’کیسا لگا میرا مذاق؟‘‘ ایک صارف نے تو یہ مشورہ بھی دے ڈالا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ 8 نومبر کو ’’قومی ٹارچر ڈے‘ ‘قرار دے دے۔اس ٹرینڈ کے باوجود ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ پہلے روز کمائی کے نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں کے ڈب ورژن نے مجموعی طور پر 52 کروڑ 25 لاکھ ہندوستانی روپے کا بزنس کیا۔ عامر خان کی ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ نے شاہ رخ خان کی فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ کا ریلیز والے روز 44 کروڑ 97 لاکھ ہندوستانی روپے کا ریکارڈ توڑ دیا اور فلم کے ہندی ورژن نے نمائش کے روز 50 کروڑ 75 لاکھ ہندوستانی روپے کی کمائی کی ۔ دوسری جانب یہ بات بھی حقیقت ہے کہ ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘بعض شائقین کو متاثر نہیں کرسکی ۔یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر فلم پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔فلمی پنڈتوں نے ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ کے ریکارڈ بزنس کی وجہ ہندوتہوار کے باعث ملک بھر میں ہونے والی چھٹی کو قرار دیا ہے اور آنیوالے دن فلم کی کمائی کیلئے اہم قرار دیئے ہیں۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں