کیریئر کے ابتدائی عرصے میں مجھ سے مواقع چھینے گئے: پرینکا چوپڑا
کیریئر کے ابتدائی عرصے میں مجھ سے مواقع چھینے گئے: پرینکا چوپڑا
بدھ 10 دسمبر 2025 18:02
اداکارہ پرینکا چوپڑا نے ابوظبی میں ’برج سمٹ‘ میں شرکت کی۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے کہا ہے کہ اُن کو اپنے کیریئر کے ابتدائی عرصے میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اداکارہ پرینکا چوپڑا نے حال ہی میں ابوظبی میں ’برج سمٹ‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اس بارے میں بات کی کہ کس طرح اپنے کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں انہیں کسی فلم کے لیے نہ کہنے کا موقع نہیں ملا اور کس طرح ان سے مواقع چھینے گئے۔
پرینکا چوپڑا اب دُنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہالی وڈ میں بھی ایک جانا پہچانا نام ہے۔
لگاتار چھ فلاپ فلمیں
اداکارہ نے اپنی لگاتار چھ فلاپ فلموں کا قصہ بھی سُنایا۔
پرینکا چوپڑا نے اپنے پیشہ ورانہ سفر میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا نہیں تھا کہ مجھے مواقع دیے گئے، مجھ سے مواقع چھینے گئے، اس لیے مجھے اپنا راستہ بدلنا پڑا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ایک سال ایسا تھا جب میری چھ فلمیں بیک ٹو بیک فلاپ ہوئیں۔‘
اداکارہ کے مطابق ’ایسا تھا کہ وہ کہتے ’اوہ میرے خدا، ہمیں پرینکا کو کاسٹ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ فلم اچھا بزنس نہیں کرے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس صورتحال کے باعث کہ خوف تھا کہ ناکامی ہوگی میں نے وہ کچھ چھوڑ دیا جو مجھے اطمینان دیتا تھا۔ کچھ نیا کرنے کے لیے مجھے راستے بدلنے پڑے تاکہ کام کے مواقع ملیں۔‘
پرینکا چوپڑا کے مطابق اُن کا نئے راستے تلاش کرنا اُن کی خواہش نہیں تھی بلکہ یہ انڈسٹری میں زندہ رہنے کے لیے تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب میں نے پہلی بار کام کرنا شروع کیا تو میں نے ہر موقع پر ہاں میں جواب دیا کیونکہ کسی بھی فلم میں کام کرنا ایک اعزاز تھا۔ کام حاصل کرنا مشکل تھا۔ میں نے ہر موقعے کو قبول کیا، مسلسل سفر کر رہی تھی، اور اہم خاندانی تقریبات میں شرکت سے محروم رہی کیونکہ کام سے انکار کرنا کوئی آپشن نہیں ہوتا تھا۔ اب مجھے انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ اب، میں ارادے کے ساتھ ہاں کہتی ہوں۔ میں اپنے خاندان کے بارے میں سوچتی ہوں، اس کے اثرات پر غور کرتی ہوں، اور اس کے اپنے خاندان پر اثرات پر غور کرتی ہوں۔ اپنے طویل مدتی اہداف کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہوں۔‘
پرینکا چوپڑا نے ’فیشن‘ میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ جیتا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پرینکا چوپڑا کا ابتدائی کیریئر
مس ورلڈ 2000 جیتنے کے بعد پرینکا نے ’دی ہیرو: لو سٹوری آف اے سپائی‘ کے ساتھ بالی وڈ میں قدم رکھا، اس کے بعد اعتراض، فیشن، مجھ سے شادی کروگی، ڈان اور کرش جیسی فلموں سے تیزی سے شہرت حاصل کی۔
انہوں نے ’فیشن‘ میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ جیتا تھا۔ اداکارہ نے باجی راؤ مستانی، میری کوم، اور برفی جیسی کامیاب اور بلاک بسٹر فلمیں دیں۔
پرینکا چوپڑا نے کوئی گاڈ فادر نہ ہونے کے باوجود خود کو بالی وڈ میں ایک معروف اداکارہ کے طور پر منوایا۔