15 سال بعد بالی وڈ بلاک بسٹر فلم 'تھری ایڈیٹس 2' بننے کو تیار، کہانی کیا ہوگی؟
منگل 9 دسمبر 2025 12:02
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انڈین میڈیا کے مطابق 15 سال بعد تھری ایڈیٹس کا سیکوئل بننے جا رہا ہے۔ (فوٹو: پنک ولا)
انڈین ویب سائٹ پِنک وِلا کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 15 سال بعد بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم 'تھری ایڈیٹس' کا سیکوئل بننے جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فلم کی پوری وہی ہے جو پہلی فلم میں تھی۔ اس بار بھی عامر خان، کرینہ کپور خان، آر مادھون اور شرمن جوشی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ اس کی ہدایت راجکمار ہیرانی دیں گے۔ اس پروجیکٹ کو ہیرانی کے ساتھ وِدھو وِنود چوپڑا اور عامر خان بھی پروڈیوس کر رہے ہیں۔
پراجیکٹ کے حوالے سے معلومات رکھنے والے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شوٹنگ 2026 کی دوسری ششماہی میں شروع ہو گی، فلم کا سکرپٹ فائنل ہو چکا ہے اور اس کے لیے پوری ٹیم بہت پُرجوش ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا 'کہانی وہیں سے آگے بڑھے گی جہاں پچھلی فلم کے اختتام پر کردار ایک دوسرے سے جدا ہوئے تھے۔ تقریباً 15 سال بعد وہ ایک نئی مہم کے لیے دوبارہ ملیں گے۔ ناظرین کو رینچو، فرحان، راجو اور پریا کی وہی کشش دوبارہ دیکھنے کو ملے گی، مگر اس بار اُن کی پختہ زندگیوں پر مبنی نیا ہنسی مزاح بھی شامل ہوگا۔'
ایک اور اندرونی سورس کے مطابق 'راجکمار ہیرانی طویل عرصے سے سیکوئل کا خیال لیے بیٹھے تھے، مگر انہیں اس پر سنجیدگی سے واپس آنے کا موقع تب ملا جب اُن کی دادا صاحب پھالکے بائیوپک عارضی طور پر روک دی گئی۔
'انہوں نے خاص وقت نکال کر تھری ایڈیٹس 2 کو ایک مکمل سکرین پلے میں ڈھالا۔ ہیرانی کے پاس ہمیشہ سے ایک ابتدائی آئیڈیا موجود تھا، مگر وہ چاہتے تھے کہ سیکوئل ایسا ہو جو پہلی فلم کی میراث پر پورا اتر سکے۔'
2009 میں ریلیز ہونے والی 'تھری ایڈیٹس' ایک کلٹ کلاسک بن گئی تھی اور اس فلم نے انڈیا کے تعلیمی نظام پر نئی بحث کا آغاز کیا تھا۔ یہ وہ پہلی بالی وڈ فلم تھی جس نے 200 کروڑ کے کلب میں قدم رکھا اور باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑے۔
اب جب کہ عامر خان، کرینہ کپور اور پوری ٹیم دوبارہ ایک ایسی کہانی کے لیے جڑ رہی ہے جس میں پرانی یادیں اور تازگی دونوں شامل ہیں، 'تھری ایڈیٹس 2' پہلے ہی اس دہائی کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان اور راجکمار ہیرانی نے فی الحال دادا صاحب پھالکے بائیوپک کو اس وجہ سے مؤخر کر دیا ہے کہ وہ اس کی سکرپٹ سے مطمئن نہیں تھے۔
