Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپٹ افراد کو سزا دلا کر دم لیں گے‘ چیئرمین نیب

لاہور:  چیئرمین نیب نے کرپٹ افراد کو سزا دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کرنے والے نیب افسران کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور آفس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں مختلف مقدمات کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کو شریف خاندان کے خلاف زیر تفتیش کیس سمیت پیراگون، آشیانہ اقبال سے متعلق پیش رفت پر بریف کیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس موقع پر چیئرمین نیب نے آشیانہ اقبال کیس میں جلد از جلد پیش رفت کرنے کی ہدایت کی کرتے ہوئے کہا کہ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کی تفتیشی و قانونی ٹیم مکمل تیاری کرے۔ چیئرمین نیب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مقدمات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو زیر تفتیش کیسز میں مطلوب افراد کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا جب کہ میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے ۔

شیئر: