شریف برادران کی نیب حکام سے ملا قات،حقیقت کیا ہے؟
لاہور... احتساب بیورو نے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی نواز شریف اور شہباز سے ملاقات کی تردید کردی ۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ڈی جی نیب لاہور کی سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہو ئی ۔ چیئرمین نیب نے تمام ڈی جیز کی سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ نیب لاہور قانون کے مطابق میرٹ پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے ۔ چیئرمین نیب کی ہدایت پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ گمر اہ کن ،من گھڑت اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل نے دعوی کیا تھا کہ سا بق وزیراعظم نواز شریف نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ شہباز شریف سے نیب آفس میںملاقات کی۔ اس موقع پر شریف برادران کا ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد سے مکالمہ بھی ہوا ۔ جس میں شکایات کے انبار لگا دئیے گئے۔ نواز شریف نے شہباز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹروں کی ہداایت کے مطابق روشن اور ہوا دار کمرے کی عدم فراہمی پر شکوہ کیا۔ نیب پر شریف خاندان کے خلاف آلہ کار بننے کا بھی الزام لگایا۔