Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت تجارت کی کارروائی، ہزاروں جعلی پارٹس ضبط

ریاض ۔۔۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں کے 29 ہزار سے زائد نقلی اسپیئرپارٹس برآمد کرکے گودام کو سیل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کو اطلا ع ملی تھی کہ ریاض شہر کے نواحی علاقے میں گاڑیوں کے جعلی اسپیئر پارٹس کا گودام ہے جہاں متعدد غیر ملکی کام کرتے ہیں ۔ اطلاع ملنے پر وزارت کی تفتیشی ٹیموںنے گودام کا خفیہ طریقے سے جائزہ لے کر رپورٹ تیار کی بعدازاں کارروائی کے لئے پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپا مارا کر گودام کو سیل کر دیا ۔ وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گودام سے 26 غیر ملکیوں کو بھی گرفتار کیا گیا جو قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی پائے گئے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ گودام میں چین سے درآمد کئے گئے گاڑیوں کے پارٹس جن میں آئل اور ائیر فلٹرز اور اسی قسم کے دیگر پارٹس شامل تھے پر معروف کمپنیو ں کے اسٹیکرز چسپاں کرکے انہیں مارکیٹ میں فروخت کیاجاتا تھا ۔ گودام سے 382 کارٹن بھی برآمد کئے گئے جن میں تیارشدہ معروف کمپنیوں کے اسٹیکرز رکھے ہوئے تھے ۔ جعلساز عام فلٹرز پر مختلف میک اور برانڈ کے اسٹیکرز لگانے کے بعد انہیں مقامی سطح پر تیارکئے گئے ڈبوں میں پیک کر کے مارکیٹ میں سپلائی کیا کرتے تھے ۔ گودام سے پرنٹرز کی کاٹریجز بھی برآمد کی گئیں جو مقامی طور پر ری فل کی گئی تھی ۔ کاٹریجز پر بھی معروف برانڈ کے اسٹیکرز چسپاں کئے جاتے تھے تاکہ انہیں مہنگے داموں فروخت کیاجاسکے ۔ وزرات تجارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ جعلسازی کے رجحان کے خاتمے کےلئے وزارت تجارت کی کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ اس حوالے سے وزارت تجارت کی ٹیمیں مختلف شہروں میں تفتیشی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ جعلسازوں کا خاتمہ کیاجاسکے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ انہیں یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ جعلساز معروف میک کے ملبوسات کو مقامی سطح پر تیار کروا کر ان پر معروف برانڈ کے لیبل لگاتے ہیں جو تجارتی جعلسازی کے زمرے میں آتا ہے جس پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ 
 

شیئر: