Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے بعد چین اور امارات سے امیدیں

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بعد ملک کو درپیش معاشی بحران کے حل کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے بیرونی دوروں کے دوران دوست ممالک کی جانب سے دی گئی رقم سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سعودی عرب، امارات اور چین سے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالرز ملیں گے، جو رواں برس کا خسارہ پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں ہوا جس میں وفاقی وزیر نے کمیٹی کو تفصیلی بریف کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر پاکستان کو وصول ہو چکے ہیں اور آئل فیسلٹی بھی آیندہ ماہ (جنوری) سے شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین سال ماہانہ 27 کروڑ ڈالرز کا تیل سعودی عرب سے ادھار ملے گا، جبکہ سعودی عرب کے قرض کی مجموعی رقم 6 ارب ڈالر ہوگی۔ امارات سے متعلق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ مذاکرات آخری مراحل میں ہیں اور امید ہے کہ چند دن میں معاملات کرلیے جائیں گے۔ وزیر خزانہ کے مطابق سعودی عرب، امارات اور چین سے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر ملیں گے جس سے راوں سال کا خسارہ پورا ہو جائے گا۔
وفاقی وزیراسد عمر کا کہنا تھا کہ امارات کے علاوہ چین سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔  میں حلف لینے کے 10 دن بعد سے آئی ایم ایف سے رابطے میں ہوں، ہم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل میں تجاویزمانگی تھیں، ماسوائے ایک کے تمام معیشت دانوں نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی تجویز دی جبکہ آج بھی میری آئی ایم ایف حکام سے وڈیوکانفرنس ہوگی اورامید ہے مزید پیش رفت ہوگی۔
 

شیئر: