Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مڈ ٹرم الیکشن سے متعلق خورشید شاہ نے کیا کہا؟

اسلام آباد:  پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سمیت پوری اپوزیشن چاہتی ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور ملک کو کسی سیاسی غیر یقینی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی بدترین معاشی صورت حال کا شکار ہے، ہم عوام کو مزید کسی آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہتے۔
ذرائع کے مطابق خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے وسط مدتی انتظابات کی بات کرکے اپنی حکومت کی ناکامیوں کو تسلیم کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی اصلیت 4 ماہ میں سامنے آگئی ہے ، مڈ ٹرم انتخابات کی بات تو ملک کے کمزور سے کمزور وزیراعظم نے بھی کبھی نہیں کی، حتیٰ کہ چودھری شجاعت چند روز کے لیے آئے تھے، انہوں نے بھی ایسا نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کی حکومت کی ناکامی کو پارلیمان کی ناکامی نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے پارلیمان میں کیے جائیں تو صورت حال اب بھی بہتر ہو سکتی ہے۔ تاہم نئے انتخابات ہوں گے یا پارلیمان کے اندر تبدیلی آئے گی، اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
 

شیئر: