Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا ’’لٹل ماسٹر‘‘ کو خراج تحسین

کراچی:  ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ حنیف محمد کے یوم پیدائش پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ حنیف محمد کو ٹیسٹ میچوں میں سب سے طویل اننگ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے جو 1957ء اور 1958ء کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف 970 منٹ طویل تھی۔
حنیف محمد 21 دسمبر 1934ء کو جونا گڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ اپنے عروج کے دور میں انہیں دنیا کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا اعزاز حاصل رہا۔ 17 سالہ کیریئر میں انہوں نے 55 ٹیسٹ میچ کھیلے اور ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کا سہرا بھی ان ہی کے سر ہے جس کی وجہ سے انہیں لٹل ماسٹر کہا جاتا ہے ۔
لٹل ماسٹر حنیف محمد نے سب سے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ اننگ کھیلنے والے کھلاڑی کا سرڈان بریڈمین کا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔ ایک موقع پر انہوں نے بہاولپور بمقابلہ کراچی میں 499 رنز بھی بنائے تھے اور 500 رن کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے۔ فیلڈنگ میں وہ وکٹ کیپر رہے جبکہ انہوں نے باؤلنگ بھی کی۔ حنیف محمد 11 اگست 2016ء کو 81 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

شیئر: