Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ظلم سہنے کا حوصلہ ہے‘ آصف زرداری

کراچی: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہم مشکلات سے گھبرانے والے لوگ نہیں ہیں۔ پہلے بھی سخت حالات کا مقابلہ کیا ہے جس سے ہم مزید مضبوط ہوکر ابھرے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ہمارے لیے زیادہ مشکل نہیں۔ اصل مشکل وقت تو وہ تھا جس کا بی بی شہید نے سامنا کیا اور ضیا جیسے بدترین آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ کراچی میں بلاول ہاﺅس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں سینئر پارٹی رہنماﺅں اور ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کی تیاریوں سے متعلق کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خورشید شاہ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، قمر الزمان کائرہ، نثار کھوڑو، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما شریک تھے۔ اجلاس کے دوران سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپر قائم تمام مقدمات جھوٹے ہیں اور جھوٹی دستاویزات سے ہمیں دھمکایا نہیں جاسکتا۔ہم برداشت کا بھی حوصلہ رکھتے ہیں اور اتنا حوصلہ ہے کہ ظلم کرنے والے تھک جائیں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ایک طرف پانی و گیس بند کردی گئی ہے جبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت کو فنڈز بھی نہیں دیے جارہے جبکہ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم چلائی گئی۔شہید بھٹو نے ملک کو 1973ءکا آئین دیا لیکن آمروں نے متفقہ دستور کا حلیہ بگاڑدیا، ہم نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے 1973ءکے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، ہم 18 ترمیم کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے ۔ دریں اثناء بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کا یوم شہادت بھرپور عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پارٹی کی نئی حکمت عملی تشکیل دے۔ 27 دسمبر کو عوام گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر سازشی عناصر کو شکست فاش سے ہم کنار کریں گے ۔
 
 

شیئر: