Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھرکول متاثرین کی بحالی شروع‘ بہترین متبادل پر وزیر اعلیٰ کی مبارکباد

کراچی:  سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر میں کول فیلڈ ٹو کے متاثرین کی منتقلی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 36 خاندانوں کی بحالی کے لیے انہیں ماڈل ولیج سنہری درس میں منتقل کیا گیا ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام سہولیات کے ساتھ نیا مکان ملنے پر متاثرین کو مبارک باد دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے تھر کول فیلڈ بلاک ٹو کے متاثرین کو پروجیکٹ میں شراکت دار بنایا ہے۔ نیا ماڈل ولیج ملک میں کامیاب ری سیٹلمنٹ ماڈل ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ ہر خاندان کو 1100 مربع گز کے مکان میں 3 بیڈ روم، واش روم، کچن، صحن، اوطاق (مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہ) اور مویشیوں کی جگہ فراہم کی گئی ہے۔ ہر گھر کو شمسی توانائی کے ساتھ گرڈ کنکشن سے منسلک کیا گیا ہے۔تھر کے سنہری درس ماڈل ولیج میں 172پکے گھر، 1000 طالب علموں کے لیے 3 منزلہ اسکول، 10 دکانوں کا بازار، مردوں اور عورتوں کے لیے علاحدہ کمیونٹی مراکز، پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لیے 2 آر او پلانٹس، مسجد، مندراورمال مویشی کے لیے 850 ایکڑاراضی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تمام اہم سڑکوں تک رسائی، اندرونی گلیوں کوپکا اورعلاقے کو پودے لگا کر سرسبز بنایا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق مارچ 2019ء تک 172مکانات میں متاثرہ خاندانوں کی بحالی ؍ منتقلی مکمل کی جائے گی۔
 

شیئر: