Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں گورنر کے آئینی کردار سے تجاوز کیا جا رہا ہے‘ رضا ربانی

اسلام آباد:  پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کو کرپشن کا ذریعہ کہنا پارلیمان اور اکائیوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ذائع کے مطابق پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ جمہوری اقدامات کا تمسخر اڑایا جا رہا ہے جو معاشرے اور ریاست کے لیے انتہائی خطرناک رجحان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اگر میثاق جمہوریت نہ ہوتا تو ملک میں آمریت بہت پہلے آ چکی ہوتی۔ جمہوری فیصلوں کا مذاق اڑانے سے معاشرے میں انارکی اور آمریت فروغ پائے گی۔ سینیٹر رضا ربانی کے مطابق منی بجٹ آرہا ہے اور حکومت کی جانب سے 155 ارب کے نئے ٹیکس لگ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات یا غیر ملکی دوروں پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سندھ میں جو مشق شروع کی گئی ہے وہ محدود نہیں رہے گی۔  گورنر کے آئین کے اندرطے شدہ کردار سے تجاوز کیا جارہا ہے ، وہ ان ارکان اسمبلی کے ساتھ گھوم رہے ہیں جو حکومت کو غیر مستحکم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو نیب نے طلب کیا ، تفتیش کے بعد باہر آکر بتایا کہ انہوں نے نیب کو مطمئن کردیا ہے ،اگلے دن نیب نے کہا ہمیں ضرورت پڑی توہم دوبارہ طلب کریں گے۔  خیبر پختونخوا سے بسم اللہ کریں وہاں کے وزیر اعلیٰ استعفیٰ دیں۔

شیئر: