مکہ: نئی شاہراہ کے ٹریکس ٹریفک کے لیے کھل گئے، سفر کا وقت کم
اتوار 27 ستمبر 2026 19:12
تھرڈ رنگ روڈ میں 1.5 کلومیٹر کا اضافی ٹریک بنایا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ نے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے کے لیے تھرڈ رنگ روڈ اور شہزادہ سعود الفیصل شاہراہ پر متعدد ٹریکس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رائل کمیشن کے روڈ نیٹ ورک منصوبے میں ’رنگ روڈ تھری اور شہزادہ سعود الفیصل شاہراہ‘ شامل ہیں۔ نئے ٹریکس کھولے جانے سے سفر کا وقت کم ہوا ہے۔
تھرڈ رنگ روڈ میں 1.5 کلومیٹر کا اضافی ٹریک بنایا گیا ہے جو پرنس متعب کراسنگ سے مسجد الحرام کراسنگ تک شہزادہ سلطان کراسنگ سے ہو کر جاتا ہے۔
شہزادہ سعود الفیصل روڈ کے آخری حصے کو جس پر شہزادہ محمد بن سلمان اور شارع عبدالقادر کوشک سے ٹریفک آتی تھی کو بھی کھول دیا گیا ہے جس سے علاقے کے مکینوں کو فائدہ ہوگا۔
روڈ نیٹ ورک کے منصوبے سے شہرِ مقدس مکہ مکرمہ میں ٹرانسپورٹیشن کے نظام اور ٹریفک کی روانی اور ٹریفک ازدحام میں بڑؒی حد تک بہتری آئے گی۔

رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اورمشاعر مقدسہ کی جانب سے یہ اقدامات انفراسٹرکچر کے ان منصوبوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد ٹریفک کا رش کم کرنا، شاہراہوں کی سیفٹی کو بہتر بنانا، رہائشیوں اور زائرین کے لیے خصوصا حج اور عمرہ سیزن کے دوران سفر کو آسان بنانا ہے۔
