Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپشن کے خاتمے کیلئے کوششیں دگنا کریں،چیئرمین نیب

اسلام آباد....چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام جرائم کی ماں ہے، نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقوم کی وصولی کے لئے تمام وسائل استعمال میں لا رہا ہے۔ ان کے ساتھ بلا تفریق قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب نے ادارے کے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ وہ جرائم پیشہ افراد اور مفروروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ نہ صرف ہماری قومی ذمہ داری بلکہ یہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے افسران کو احتساب سب کےلئے پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمے کے لئے کوششوں کو دگنا کرنا چاہیے تاکہ آہنی ہاتھوں کے ساتھ ملک سے بدعنوانی کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی بنیادی توجہ بدعنوانی کے بڑے کیسوں پر ہے جس میں اختیارات کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور ریاست کے فنڈز میں خورد برد، عوام کو دھوکہ دینے، آمدن سے زائد اثاثہ جات، ہاوسنگ سوسائٹیوں، کو آپریٹو سوسائٹیوں، بینک فراڈ، بینک قرض اور نادہندگان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام کے بعد اب تک 297 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے افسران کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لئے مانیٹرنگ سسٹم بنایا گیا ہے جہاں پر باقاعدگی سے نیب افسران کی کارکردگی مانیٹر کی جاتی ہے۔ نیب خود احتسابی پر یقین رکھتا ہے۔

شیئر: