Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک قوم ہیں بھکاری نہیں،شاہ محمود

ملتان...وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغان امن مذاکرات کرانے میں کامیاب ہو گیا ۔ امریکہ اور افغانستان کے درمیان معاہدہ بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے، مستقبل میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔انہوںنے کہا کہ افغانستان کا امن ہماری ضرورت ہے۔ پاکستان کے شہریوں نے 17 سال افغانیوں کی میزبانی اور خدمت کی۔ ہمارا کبھی ارادہ تھا اور نہ ہے کہ ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کریں ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہا کہ امر یکہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔عمران خان کی حکومت سودے بازی کرنے نہیں آئی۔ پاکستان کے مفادات کا سودا پہلے کیا اور نہ اب کریں گے۔امن جنگ سے نہیں ہوتا ۔یہ ہمارا موقف رہا ہے اور ہمارے موقف کی دنیا نے تائید کی ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ ایک قوم ہیں بھکاری نہیں۔قومیں صرف پیسوں کے لئے بات نہیں کرتیں۔ سب قوموں کا ایک وژن ہوتا ہے، ہمیں امداد نہیں خطے کا امن درکار ہے۔ انہوںنے کہا کہ 3 فروری کو لندن جا رہا ہوں وہاں کشمیریوں کے حق پر آواز اٹھاوں گا۔ کوشش ہے پاکستان کا موقف پیش کریں۔ آج دنیا بھر میں پاکستان کی موثر وکالت ہورہی ہے۔ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں اپوزیشن کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کا عہدہ دینے کو تیار نہیں جبکہ قومی اسمبلی میں اس کا اصرار تھا کہ چیئرمین اپوزیشن کا ہونا چاہئیے ،یہ اس کا دہر ا معیار ہے۔
 

شیئر: