Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت بھر میں آندھی، بارش ، سکاکا میں سیلاب، مدینہ منورہ میں ریکارڈ تباہی

مدینہ منورہ۔۔۔ مملکت بھر میں پیر کو گرد آلود ہواﺅں، آندھی ، بارش اور سیلاب نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو زبردست مشکلات میں ڈال دیا۔ سکاکا کا ایک محلہ غرق آب ہوگیا جبکہ مدینہ منورہ میں بارش سے ریکارڈ تباہی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ اور اس کی کمشنریوں میں پیر کو ہونے والی موسلادھار بارش سے ایک سوڈانی شہری ہلاک ہوگیا ۔ بدر کمشنری کی وادی الصفراءمیں گر گیا تھا، مقامی شہریوں نے اس کی لاش نکالی۔ مدینہ منورہ کنٹرول سینٹرنے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسے متاثرین کی جانب سے 3 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔ شارٹ سرکٹ کی 9 اور محصورین کی 51 اپیلیں ریکارڈ کی گئی۔ 41 محصورین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ پانچ خاندانو ں کو جن کے مکانات رہائش کے قابل نہیں رہے تھے ، رہائش مہیا کی گئی۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور ان کے نائب شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے متاثرہ محلوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری اصلاح حال کی ہدایت جاری کی۔ مدینہ منورہ میں ہونے والی بارش کو تاریخی بتایا جارہا ہے۔ وادیوں اور گھاٹیوں میں سیلاب آگیا۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، طالبات و طلباء سڑکوں اور شاہراہوں پر پھنس کر رہ گئے۔ سرکلر روڈ ٹو اور کنگ عبداللہ روڈ سے سفر کرنے والے طلبہ سیلاب میں گھر جانے پر گاڑیو ں کی چھتوں پر بیٹھنے پر مجبور ہوگئے۔ ایک یونیورسٹی کے ماتحت طالبات کی عمارت کی چھت گر گئی۔ یونیورسٹی کے کلاس رومز جانے والے راستوں میں پانی بھر گیا۔ بعض طالبات نے اپنے اعزہ سے ٹیلیفونز پر رابطے کرکے گھر واپس لے جانے کی درخواستیں کیں۔ مقامی شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ ایسے عالم میں جبکہ محکمہ موسمیات موسلادھار بارش کا انتباہ دے چکا تھا اسکول، کالج اور یونیوررسٹیاں کھلی رکھنے کا فیصلہ کیونکر کیا گیا؟ انہوں نے توجہ دلائی کہ ہمیں باقاعدہ ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بارش معمولی درجہ کی ہوگی لہذا اسکول بند نہیں کئے جارہے ہیں۔ مدینہ منورہ کا مغربی علاقہ بارش سے زیادہ متاثر ہوا۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی بہت ساری گاڑیاں سیلاب سے متاثر ہوئیں۔ سیلاب اور موسلادھار بارش سے شاہراہیں اور سڑکیں کٹ گئیں۔ سیلاب اور موسلادھار بارش سے ہونے والے خطرات کی اطلاعات ملتے ہی تمام متعلقہ سرکاری ادارے متحرک ہوگئے۔ خلیص یونیورسٹی کے بعد مدینہ روڈ سیلاب سے بند ہوگیا۔ پورے روڈ پر زبردست کیچڑ میں گاڑیاں پھنس گئیں۔ محکمہ ٹریفک کے اہلکاروں نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی۔ انہوں نے ایک طرف تو متاثرہ روڈ بند کردیا اور دوسری جانب متاثرین کو کیچڑ سے نکالنے کا اہتمام کیا۔ سکاکا شہر میں المطر محلہ اور اس کی شاہراہ زیر آب آگئے۔ الجوف میونسپلٹی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ محلہ ہمیشہ سیلاب کی زد میں رہتا ہے۔ سکاکا میں سب سے زیادہ نشیب میں یہی محلہ واقع ہے۔ یہاں بارش کے پانی کی نکاسی کا نیٹ ورک بچھایا جائے گا جس سے کم ازکم 80 فیصد پانی کی نکاسی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ینبع کمشنری اور ینبع انڈسٹریل سٹی نیز تمام تحصیلوں میں پیر کو نہ صرف یہ کہ بارش ہوئی ، ژالہ باری بھی ہوئی۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں گردو غبار کے طوفان نے دن کو رات میں تبدیل کردیا۔ مکہ مکرمہ کی کمشنریوں میں پیر کو بارش اور سیلاب سے سیکڑوں لوگ متاثر ہوئے۔ تین سعودی شہری وادی بقریہ میں پھنس گئے تھے ، یہ خلیص کمشنری کے شمال میں واقع ہے جبکہ بریمان ، القوزین ، القرینیہ ، الاجواد، الحرازت، المحامید اور ام السلم محلوں میں بارش سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ رابغ کمشنری کی حجر تحصیل سے بھی اسی طرح کی اطلاعات ملی ہیں۔ محکمہ مکرمہ ریجن میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ ہمارے یہاں پیر کی بارش سے کسی کے مرنے یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ پورے ریجن میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں ہلکی پھلکی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جدہ کے شمالی علاقوں میں زوردار بارش ہوئی۔ مکہ شہر گرد آلود ہواﺅں کی زد میں رہا۔ جدہ شہر میں دن بھر بونداباندی اور درمیانے درجہ کی بارش کی سلسلہ چلتا رہا۔ قنفذہ کمشنری میں گرد آلود ہواﺅں سے مطلع متاثر ہوا۔

شیئر: