Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماہرین نے مکہ میں کنگ عبدالعزیز روڈ کے 3 جائزے تیار کرلئے

مکہ مکرمہ۔۔۔ سعودی جیولوجیکل سروے بورڈ کے ترجمان طارق اباالخیل نے بتایا ہے کہ ماہرین نے جدہ سے مکہ داخل ہونے والے موجودہ راستے کے بالمقابل مجوزہ کنگ عبدالعزیز روڈ بنانے کیلئے 3 ضروری جائزے تیار کرلئے۔ کنگ عبدالعزیز روڈ کی بدولت جدہ سے مکہ جانے والے زائرین کو غیرمعمولی سہولت حاصل ہوجائے گی۔ یہ مقدس شہر کا بہت بڑا منصوبہ ہے ۔ اس کے دونوں طرف رہائشی ، تجارتی مراکز بھی قائم ہونگے جبکہ متعدد مساجد بھی تعمیر ہونگی۔ پارکنگ کا بھی انتظام ہوگا۔ ابالخلیل نے بتایا کہ بورڈ کے ماتحت زمزم ریسرچ اینڈ اسٹڈیز سینٹر کے ماہرین نے کنگ عبدالعزیز روڈ کیلئے مجوزہ مقامات کا متعدد حوالوں سے جائزہ لیا۔ اس امر کا بھی اندازہ لگایا گیا کہ یہاں روڈ بنانے اور اس سے متعلق عمارتیں قائم کرنے سے آب زمزم کے کنویں کو پانی فراہم کرنے والے سرچشموں پر تو کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا؟ طبقات الارض کا جائزہ لیا گیا۔ تعمیراتی ارضیاتی نظام اور ہائیڈرو جیولوجیکل سروے بھی کرایاگیا۔ اباالخیل نے یہ بھی بتایا کہ اس روڈ کی خاطر میٹرو کے اطراف بعض مقامات کو پاٹا گیا ہے اس حوالے سے بھی تفصیلات کا معائنہ کیاگیا۔ ٹھیکیدار کمپنی کو منصوبے پر عملدرآمد کے دوران پیش آنے والی دشواریوں کا بھی احاطہ کیاگیا۔ زمزم ریسرچ اینڈ اسٹیڈیز سینٹر کے ڈائریکٹر سامر شومان نے بتایا کہ یہ منصوبہ وادی ابراہیم کے آبی ذخائر اور جبل عمر منصوبے کے قریب واقع ہے ۔ یہ ایک دوسرے کے آس پاس واقع آبی ذخائر کو جوڑتا ہے اسی وجہ سے احتیاطی تدبیر کے طور پر مختلف قسم کے جائزے تیار کئے گئے۔ 

شیئر: