Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسیہ مسیح پاکستان میں ہے‘ چاہے تو ملک سے باہر جا سکتی ہے‘ دفتر خارجہ

اسلام آباد:  پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو پر ہند کا اعتراض مسترد کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارت میں گزشتہ رات طلب کرکے میر واعظ سے وزیر خارجہ کی ٹیلی فونک بات چیت پر اعتراض کیا گیا، جسے پاکستان مسترد کرتا ہے۔مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے اور بھارت کی طرف سے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا جانا اپنے الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو اپنا الیکشن لڑنا ہے تو اس میں ہمیں شریک نہ کریں۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بلوانے پر یہاں آج بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں افغانستان سے متعلق صحافی کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے جواب دیا کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات ان کے اپنے ہیں اور امید ہے کہ طالبان اور افغان حکومت مل کر اپنے مسائل حل کرلیں گے۔افغان مفاہمتی عمل سے متعلق محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ پاکستان، افغان درآمدات اور برآمدات کے لیے سرحدی آمدورفت آسان بنا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کا طورخم کی سرحد کو 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ باہمی تجارت میں اضافے کے لیے ہے۔
توہین رسالت کے الزام میں سپریم کورٹ سے بری ہونے والی آسیہ مسیح سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں ہے، تاہم اگر وہ ملک سے باہر جانا چاہے تو جا سکتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو اہم قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے دفتر خارجہ پروگرام سے آگاہ کرے گا۔

شیئر: