مکہ مکرمہ۔۔۔ وزارت حج و عمرہ نے ضیوف الرحمن کو مکہ مکرمہ کے4 تاریخی آثار سے متعارف کرانے کا پروگرام بنا لیا۔ یہ پروگرام مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ ڈویلپمنٹ رائل کمیشن کی شراکت سے انجام دیا جائے گا۔ اس کے تحت سیاحوں ، سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں ، عمرہ اور زیارت پر آنے والے مسلمانان عالم کو پیغمبر اعظم و آخر صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ سے تعلق رکھنے والے آثار سے روشناس کرایا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے جبل نور پر واقع غار حرائ، جبل ثور پر واقع غار ثور اور میدان عرفات میں واقع جبل رحمت اور ہجرہ روڈ پر دسیوں عظیم الشان منصوبے روبہ عمل لائے جائیں گے۔ مکہ اخبار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے اپنی تفصیلی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غار حراء، جبل نور میں واقع ہے۔ یہ مسجد الحرام کے مشرق میں پڑتا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں غار حراءکا بڑا اہم مقام ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو منصب نبوت پر سرفراز کیاگیا تھا۔ پروگرام کے مطابق غار حراء کی زیارت کیلئے پہاڑ کی چھوٹی تک باقاعدہ راستہ بنایا جائے گا۔ اسی طرح غار ثور کی زیارت کے خواہشمندوںکیلئے جبل ثور کے اطراف ریسٹ ہاﺅسز تعمیر کئے جائیں گے۔ غار ثور وہ تاریخی مقام ہے جہاں اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس کے دہانے پر پہنچنے کے باوجود کفار مکہ کو الٹے پاﺅں واپس ہونے پر آمادہ کردیا تھا۔ یہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کرتے وقت اپنے یار غار ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہمراہ پناہ لئے ہوئے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے دہانے پر مکڑیوں کا جالا پھیلا دیا تھا جسے دیکھ کر کفار مکہ مایوس ہوکر لوٹ گئے تھے۔ اسی طرح جبل عرفات کے مشرق میں واقع جبل رحمت کے زائرین کیلئے مختلف سہولتوں اور عوامی ریسٹ ہاﺅسز کا انتظام کیا جائے گا۔ جبل رحمت حجاج کرام کیلئے میدان عرفات میں وقوف کی عظمت کا آئینہ دار پہاڑ ہے۔ چوتھا مقام ہجرہ روڈ ہے یہ 380 کلومیٹر طویل ہے ۔ یہ قدیم زمانے میں قافلوں کا راستہ ہوا کرتا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت کے موقع پر مکہ مکرمہ کے غار ثور سے مدینہ منورہ تک 8 دن میں اسی راستے سے سفر طے کرکے 8 ربیع الاول ہجرت کے پہلے سال قباءپہنچے تھے۔ ہجرت کی بدولت اسلام کی نئی تاریخ رقم ہوئی تھی۔ دنیا بھر کے مسلمان اس حوالے سے ہجرہ روڈ کو عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہجرہ روڈ پر ریسٹ ہاﺅسز ، عجائب گھر اور تاریخی مقامات کے احیاءجیسے پروگرام روبہ عمل لائے جائیں گے۔ ٹورسٹ گائیڈ بھی تعینات ہونگے۔ ہجرہ روڈ کا سفر جیپوں ، موٹر سائیکلوں اور اونٹوں سمیت مختلف ذرائع سے طے کیا جائے گا۔