Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کھیلیں ورنہ پوائنٹس سے ہاتھ دھو بیٹھیں، آئی سی سی کا بنگلہ دیش کو الٹی میٹم

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میچز انڈیا سے منتقل کرنے کی بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق منگل کو ایک ورچوئل کال میں آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بتایا کہ وہ میچز انڈیا سے باہر منتقل کرنے کی بنگلہ دیش کی  درخواست کو مسترد کر رہا ہے، جس کی وجہ حفاظتی خدشات ہیں۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا جانا ہوگا، ورنہ پوائنٹس ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔
تاہم، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ گورننگ باڈی کی جانب سے انہیں کوئی ایسا الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔
بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے اپنے میچز انڈیا سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
انڈیا نے آئی پی ایل میں ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو حصہ لینے سے روک دیا تھا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اتوار کو کہا کہ اُس نے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اپنی ٹیم کے میچز انڈیا سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
بی سی بی کے بیان کے مطابق ’بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم موجودہ صورتحال میں ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے انڈیا نہیں جائے گی۔‘ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی ’سکیورٹی کے بڑھتے خدشات‘ کے باعث کیا گیا اور اس میں حکومت کی سفارش بھی شامل تھی۔
بنگلہ دیش کے بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نے فارغ کر دیا گیا اور اس کی وجہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کی سفارش کو قرار دیا تھا۔
سنہ 2024 کے اواخر میں ڈھاکہ میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کے پڑوسی ملک انڈیا سے سفارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی جو تاحال جاری ہے۔
حسینہ واجد کو انڈیا کا قریبی اتحادی سمجھا جاتا تھا اور وہ اپنے ملک سے فرار ہو کر پڑوسی ملک میں پناہ لے چکی ہیں۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میں نوجوانوں اور سپورٹس کے مشیر آصف نذرل نے کہا تھا کہ ’کسی بھی قسم کے حالات میں بنگلہ دیش کرکٹ، کرکٹرز اور بنگلہ دیش کی کسی طرح کی توہین قبول نہیں کی جائے گی۔‘

 

شیئر: