Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ فیصل اسپتال چلانے والی کمپنی نے 8 ماہ سے تنخواہ نہیں دی، سعودی کارکن

مکہ مکرمہ۔۔۔ سعودی کارکن خواتین و حضرات نے جن میں 2 نابینا بھی شامل ہیں شکوہ کیا ہے کہ کنگ فیصل اسپتال چلانے والی کمپنی نے انہیں 8 ماہ سے تنخواہ نہیں دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اسپتال چلانے والی کمپنی میں صفائی کارکنان کے فورمین اور سلامتی امور کی دیکھ بھال کرنے والوں کی نگرانی کے طور پر کام کررہے ہیں۔ بعض کو پانچ ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، کمپنی شکایات پر کان بھی نہیں دھر رہی ہے۔ انہوں نے سبق ویب سائٹ کو بتایا کہ آخر میں مجبور ہوکر انہوں نے مکہ مکرمہ میں مکتب العمل میں شکایت درج کرادی ہے، ابھی تک نتیجے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے ایک شکایت یہ بھی کی کہ کمپنی نے ہمارے ساتھ ملازمت کے معاہدے کررکھے ہیں تاہم نہ تو ہمیں ملازمت کے معاہدے کی کاپی دی گئی ہے اور نہ ہی سوشل انشورنس میں ہمارا اندراج کرایا گیا ہے۔ انہوں نے ایک شکوہ یہ بھی کیا کہ غیر ملکی کارکن دفتر ی امور دیکھ رہے ہیں اور وہی ہماری قسمت سے کھیل رہے ہیں۔ متاثرین نے یہ بھی بتایا کہ جن لوگوں کو تنخواہیں نہیں ملی ہیں ان میں دو نابینا بھی شامل ہیں۔ متعلقہ کمپنی کے عہدیدار نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ ہمارے یہاں ایسا کوئی ملازم نہیں جسے تنخواہ نہ دی گئی ہو۔ اگر کوئی اس طرح کا دعویٰ کررہا ہے تو اس کا ثبوت پیش کیا جائے۔ ویب سائٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کنگ فیصل اسپتال کی انتظامیہ نے کمپنی کو ایک خط جاری کیاہے جس میں اس کی پانچ کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں بعض ملازمین کی5 ماہ اور کئی کی 8 ماہ سے زیادہ سے تنخواہیں نہ دینا بھی شامل ہے۔ 
 

شیئر: