Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبہ رمشا کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار

خیرپور: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان کے قریبی رشتے دار اور رمشا قتل کیس میں ملوث مرکزی ملزم ذوالفقار وسان نے پولیس کو گرفتاری دے دی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذوالفقار وسان اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھا۔
تفصیلات کے مطابق وسان برادری سے تعلق رکھنے والی ساتویں جماعت کی طالبہ رمشا وسان کو یکم فروری کو سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے کنب میں مبینہ طور پر کاری قرار دے کر قتل کردیا گیا تھا۔ مقتولہ کی والدہ کے مطابق رمشا کو کاری قرار دیا گیا تھا، جسے منظور وسان کے قریبی رشتے دار ذوالفقار وسان نے قتل کیا۔ اہلخانہ کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں ذوالفقار وسان سمیت 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے اب تک 3 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر ایس ایس پی خیرپور کو قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی رہنما نواب وسان کے باروچی امتیاز وسان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جبکہ ملزم کے ایک ساتھی غفار وسان کو 2 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

شیئر: