Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ پولیس میں سرکار کیخلاف کام کی ہمت نہیں‘ نصرت سحر

کراچی:  مسلم لیگ (فنکشنل) کی سیکرٹری اطلاعات نصرت سحر عباسی نے رمشا وسان کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کے لیے سندھ ہائی کورٹ کے جج کو مقرر کیا جائے جبکہ ٹیم میں حساس اداروں کے حکام کو بھی شامل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق نصرت سحر عباسی نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے سندھ اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز اُٹھائیں گے اور رمشا وسان کے لواحقین کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔اس کیس میں ذوالفقار وسان کی گرفتاری ہمیں مصنوعی لگتی ہے، خدشہ ہے کہ اسے حکومتی دباؤ پر آزاد نہ کر دیا جائے ۔
فنکشنل لیگ کی رہنما نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل تک یہ گرفتاری محض حکومتی ڈھونگ ہو گا، سندھ پولیس سیاست زدہ ہے ، ان میں سندھ سرکار کی خواہشات کے برخلاف کام کرنے کی ہمت نہیں ہے ۔ نصرت سحر عباسی نے یہ بھی کہا کہ جے آئی ٹی سندھ پولیس کو حکمرانوں کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے تجاویز بھی دے۔  سندھ پولیس ماضی میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کرتی تو رمشا وسان کے لواحقین کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے ۔

شیئر: