Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشلے نوفکی کا پاکستان کے بولنگ کوچ کی ذمہ داری چھوڑنے کا فیصلہ

نوفکی نے پاکستان ٹیم کے ساتھ 18 ماہ سے بھی کم عرصہ کام کیا۔(فوٹو:اے ایف پی)
سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر ایشلے نوفکی ایشین گیمز 2026 کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمہ داری چھوڑ کر نیدرلینڈ کی مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق نوفکی کا پاکستان کے ساتھ معاہدہ جون 2027 تک تھا، تاہم نیدرلینڈ کرکٹ بورڈ نے انہیں دو سال کے لیے مقرر کیا ہے اور ان کا معاہدہ 2028 کے اختتام تک ہوگا۔
نیدرلینڈز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے نوفکی کی اہم ذمہ داریوں میں ٹیم کو 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2028 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرانے میں مدد دینا شامل ہوگا۔ وہ ریان کک کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
نوفکی نے پاکستان ٹیم کے ساتھ 18 ماہ سے بھی کم عرصہ کام کیا۔ انہوں نے مئی 2025 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز سے قبل پاکستان کے کوچنگ اسٹاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
نیدرلینڈ کرکٹ بورڈ کے بیان میں نوفکی نے کہا کہ وہ ڈچ مردوں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم باصلاحیت اور پُرعزم کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ان کا مقصد اس کی ترقی کا سلسلہ جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا طریقہ کار حکمت عملی یا منصوبہ بندی سے پہلے کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے پر مبنی ہے۔
ایشلے نوفکی کو کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ برسبین ہیٹ کے ساتھ ویمنز بگ بیش لیگ، کوئنزلینڈ فائر کے ساتھ ویمنز نیشنل کرکٹ لیگ اور لندن اسپرٹ کے ساتھ ’دی ہنڈرڈ‘ کے ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ نیوزی لینڈ میں اوٹاگو کی مردوں کی ٹیم کے پروگرام کی قیادت کرچکے ہیں جبکہ ویمنز پریمیئر لیگ میں یوپی واریئرز کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے اور اس عہدے کے لیے اشتہار جاری کردیا ہے۔ 
پی سی بی نے امیدواروں سے درخواستیں  8 اکتوبر تک طلب کی ہیں، جبکہ امیدوار کے لیے لیول تھری کرکٹ کوچنگ ایکریڈیٹیشن اور کم از کم پانچ سال کا متعلقہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

شیئر: