Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایان علی کے اثاثے ضبط کرنے کے لیے تفصیلات طلب

راولپنڈی:  کرنسی اسمگلنگ کیس میں راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں جج ارشد بھٹہ کی سربراہی میں مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ماڈل ایان علی کے تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ ذرائع کے مطابق ایان علی کے خلاف سماعت طویل عرصے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی۔ دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ قانونی کارروائی نہیں روکی جا سکتی، ملزمہ دبئی سے عمان چلی جاتی ہے، پاکستان نہیں آتی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت نے ملزمہ ایان علی کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آیندہ تاریخ پر ملزمہ پیش نہ ہوئی تو قانون کے مطابق اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔ جبکہ عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضامنوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا اور ساتھ ہی ایان علی کے تمام اثاثے ضبط کرنے کے لیے تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ بعد ازاں عدالت نے ایان علی کے خلاف سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی۔
 

شیئر: