Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب نے سراج درانی کو کراچی منتقل کردیا

  اسلام آباد... نیب نے اسلام آباد سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے کے بعد بدھ کو رات گئے کراچی منتقل کردیا۔ سراج درانی کو ائیر پورٹ سے نیب ہیڈ کوارٹر پہنچایا گیا ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ قبل ازیں نیب نے آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ مارکر اہم فائلیں قبضے میں لے لیں۔ چھاپے کے وقت آغا سراج درانی اورانکے اہل خانہ گھر کے اندر موجود تھے۔ نیب کی ٹیم کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ چھاپے کے خلاف سندھ کابینہ کے ارکان نے دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔نیب کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ احتساب بیورو کراچی نے نیب راولپنڈی اور نیب ہیڈ کوارٹرز کے انٹیلی جنس ونگ کی معاونت سے ا سپیکر کو گرفتار کیا ۔ بیان کے مطابق ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو وفاقی دارالحکومت کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا۔ذرائع کے مطابق نیب کافی عرصے سے آغا سراج درانی کے خلاف تحقیقات کررہا تھا ۔ نیب حکام نے آغا سراج درانی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا۔نیب نے عدالت کو بتایا کہ مجاز اتھارٹی نے آغا سراج درانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ملزم کے خلاف کراچی میں اثاثہ جات ریفرنس زیرِ سماعت ہے۔نیب حکام نے عدالت سے ملزم کے 7 دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے نیب کی جانب سے 7 دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 3دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ۔احتساب عدالت نے ملزم کو کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کہنا ہوگا اب کورٹ میں کہیں گے۔آغا سراج درانی نے کہا کہ مجھے گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ نیب کی طرف سے طلب کیا گیا نہ کوئی اطلاع دی گئی۔نیب نے ایک پروفارما دیا تھا جسے پر کر دیا تھا۔

شیئر: