Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جارحیت کے خلاف پورا پاکستان متحد ہے،شہباز شریف

 لاہور ... قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ہندوستانی جنگی جنون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی بھی ہندوستانی جارحیت اور مہم جوئی کے خلاف پورا پاکستان متحد ہے۔پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر اور شہادت کے بے مثال جذبے سے سر شار مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ا یک بیان میں ہند میں پاکستانی قیدی کی جیل میں تشدد سے ہلاکت، کشمیری مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ہندوستانی حکومت اس لاقانونیت کو روکے اور کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔پلوامہ واقعہ کے متاثرین کے اہل خانہ کے غم پر افسوس کرتے ہیں۔عالمی برادری اور ہند جتنی جلدی جموں و کشمیر کے تنازعہ کو حل کرے گی، خون بہنا اتنی ہی جلدی روکنا ممکن ہو سکے گا۔بم، بندوق، گولی اور تشدد سے امن تلاش نہیں ہوسکتا اور نہ مسائل حل ہو سکتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی عزت، وقار اور سلامتی کے لئے ہم میں سے ہر ایک فوج کا سپاہی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر، ہر پاکستانی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے ہروقت تیار ہے۔پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ اور عظیم قربانیاں اس کے پختہ عزم کا مظہر ہیں۔پاکستانی قوم نے ہر چیلنج، ہر مشکل اور ہر دشمن کا پامردی اور بے مثال جذبے سے مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

شیئر: