Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجیں گے،شاہد خاقان

  مانسہرہ ...سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ملک میں مایوسی ہے۔ امید نظر نہیں آتی کہ حالات بہتر ہوں گے۔پاکستان کے عوام عمران خان کی حکومت سے خیر کی توقع نہیں کرسکتے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو پیغام دینا ہے کہ عوام حکومت کو مسترد کرتے ہیں۔یہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ 25 جولائی کا الیکشن چوری کیاگیا۔ عمران خان جیسا وزیراعظم مسلط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی گرفتاری پرشدید خدشات ہیں۔ انہیں بغیر کسی الزام کے گرفتارکیا گیا۔پنجاب اورکے پی اسمبلی کے اسپیکرز پربھی الزامات ہیںجس ملک میں حکومت ہی اسمبلی نہیں چلانا چاہے اس کا کیا حال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 5 سال گیس بلوں میں ایک روپے کا اضافہ نہیں کیا۔ بجلی اور گیس کی قیمت میں موجودہ حکومت نے اضافہ کر دیا ۔اس حکومت کے 6 ماہ میں جتنی مہنگائی اس کی مثال نہیں ملتی۔آج ملک کے حالات خراب ہورہے ہیں۔اس کا جواب کسی کے پاس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو الزام نواز شریف پر لگے اس کا قانون میں کہیں وجود ہی نہیں۔نواز شریف پر لگے الزامات عمران خان اور وزرا ءپر لگے تو سب پکڑ میں آجائیں گے۔عمران خان اپنے وزرا ءسے احتساب کا آغاز کریں۔ بعد ازاںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جمہوریت کا تحفظ کریں گے اور پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجیں گے۔انہوںنے کہاکہ حکومت نااہل اور کرپٹ لوگوں کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔ گیس کی قیمت میں 350 فیصد تک اضافہ کیا گیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف جیل میں ہوتے ہوئے بھی سیاست کا محور ہیں ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ نوازشریف کی ضمانت کی درخواست پر عدالت کا جوبھی فیصلہ آیا اسے قبول کرینگے ۔

شیئر: