Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت بچ نہیں سکے گی،خورشید شاہ

 سکھر...پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما  خورشید  شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت وا قعی اچھی نہیں۔ اگر انہیں کچھ ہوا تو حکومت بھی بچ نہیں سکے گی ۔ان کی درخواست ضمانت میرٹ اور صحت کے حوالے سے تھی تاہم عدالت کا فیصلہ ہے سب کو احترام کرنا چاہیے۔ لگتا ہے کہ وہ ریویو پٹیشن میں جائیں گے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت بتائے ان کے کن لوگوں کا احتساب ہورہا ہے۔ ان کے وزیر کو تو بلٹ پروف گاڑی میں لے جایا گیا ۔ آغا سراج درانی کو بکتر بند گاڑی میں زبردستی بٹھا کر لے جایا گیا ۔ حکومت کہتی ہے کہ اپوزیشن کو اس لئے نہیں بلایا گیا کہ ان پر احتساب کے کیسز ہیں تو پھرسب سے بڑا کیس وزیر اعظم عمران خان پر تھا۔ ان کے پاس ہر شخص کے لئے الگ الگ قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ ہند اس لئے دھمکیاں دے رہا ہے کہ وہ دیکھ رہا ہے کہ سیاستدانوں اور حکمرانوں میں لڑائی چل رہی ہے تو فائدہ اٹھائے لیکن ہمارے سیاستدان ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کمپرومائز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے کارنامے ہیں کن کن پر تبصرہ کریں ۔لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھائے جارہے ہیں۔ان سے دو وقت کی روٹی چھینی جارہی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ فواد چوہدری اور نعیم الحق کے درمیان کشیدگی کے بارے میںانہوںنے کہا کہ یہ ان کی آپس کی اندر کی لڑائی ہے ۔

شیئر: