Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کی شام وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں۔
جدہ پہنچنے پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی وزیرِ زراعت، پانی و ماحولیات  انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پر تپاک استقبال کیا۔
 وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ شراکت داری، خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ ادا کریں گے جبکہ مدینہ  میں مسجد نبوی میں حاضری اور روضۂ رسول  پر سلام بھی پیش کریں گے۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا مظہر ہے۔ اعلامیے کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس سے قبل جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا تھا کہ دورے کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور معاملات کو معمول پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان کے مطابق سلطنتِ عمان بھی اس سلسلے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہی ہے، جسے پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات متوقع ہے، جس میں علاقائی صورت حال اور دونوں ملکوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا واضح موقف ہے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بحران کے حل کے لیے سفارت کاری ہی واحد اور پائیدار راستہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں سرگرم ہے اور ثالثی کے عمل میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان آبنائے ہرمز کے تنازع کے پرامن حل کے لیے ہونے والے ہر معاہدے کی حمایت کرے گا اور اس سلسلے میں تمام مثبت اقدامات کی تائید کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاہدے کی صورت میں مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی اور متعلقہ فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی جانب پیش رفت کریں گے۔

شیئر: