Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرفتار پائلٹ واہگہ بارڈر پر ہند کے حوالے

    لاہور/امرتسر...وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت   گرفتار ہندوستانی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو60 گھنٹے بعد واہگہ بارڈر پر ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا  ۔  اس سے قبل سفر ی دستاویزات مکمل ہونے پر   ونگ کمانڈر ابھی نند کو انتہائی سخت  سیکیورٹی میں واہگہ باڈر پہنچایا گیا ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن کے افسران کی موجودگی  میںزیر و پوائنٹ پر لایا گیا جہاں پاک رینجرز کے افسران نے متعلقہ دستاویزات ہندوستانی بارڈر  سیکیورٹی کے افسران کے حوالے کیں جنہوںنے ان کا تفصیل سے جائزہ لیا اور بعد ازاں  پائلٹ ابھی نندن کو  ہندوستانی حکام  کے حوالے کر دیا گیا ۔روانگی سے قبل ابھی نندن نے اپنے ملک واپس بھجوانے پر پاکستانی حکومت اور فو ج کا شکریہ ادا کیا ۔ ہندوستانی حکومت نے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کے موقع پر  واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی معمول کی تقریب منسوخ کر دی  ۔ امرتسر سے لاہور کی جانب 26 کلومیٹر کے فاصلے پر اٹاری چیک پوسٹ پر لوگوں کا  بڑا ہجوم  ونگ کمانڈر ابھی نندن کی حوالگی کو دیکھنے کے  لئے  جمع رہا لیکن رات تاخیر سے رہائی کے باعث  ہندوستانی شہری واپس چلے گئے ۔دوسری جانب  پاکستانی بڑی تعداد میں پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کیلئے واہگہ باڈر پہنچے اور پرجوش انداز میں نعرے لگاتے رہے ۔ذرائع کے مطابق انٹر نیشنل ریڈ کراس کے حکام بھی واہگہ بارڈر پر موجود تھے جنہوںنے ایس او پی کے تحت  ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کا معائنہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق انٹر نیشنل ریڈ کراس کے نمائندے اس حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کر کے دونوں ممالک کی حکومتوں کو ارسال کریں گے ۔نئی دہلی سے نمائندہ اردو نیوز کے مطابق  ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن وطن واپس پہنچ گئے۔پاکستان کی طرف بیٹنگ ریٹریٹ کرانے کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر ہندوستانی حکام کو سونپ دیا گیا۔  استقبال کرنے کے  لئے ہندوستانی فضائیہ کے اعلیٰ افسران  موجودتھے ۔ ایر وائس مارشل روی کمار انہیں فضائیہ کے طیارے میں نئی دہلی لائے ۔جہاں دھولہ کنواں میں واقع ملٹری اسپتال میں طبی معائنے کے  لئے لے جایا جائے گا۔ہفتہ کو ان کی ڈی بریفنگ ہو گی ۔جس میں ان سے معلوم کیا جائے گا وہاں ان پر کیا بیتی یا ان سے کیا تحقیقات کی گئی اور انہوں نے کیا جواب د ئیے۔
 
 واہگہ بارڈر پر انتہائی سخت سیکیورٹی
    پاک فوج اور رینجرز کی جانب سے  سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ رینجرز کے کمانڈوزمسلسل پٹرولنگ کرتے رہے ۔ ابھی نندن کے رہائی کے موقع پر سرحد پر ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا۔  بی ایس ایف کو فوری کارروائی کرنے کے  لئے  تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا تھا۔ لاہور میں اردو نیوز کے نمائندے رائے شاہنواز کے مطابق  سیکورٹی  اہلکاروں نے  کوریج کرنے کے لئے آئے  ملکی و بین الااقوامی میڈیا کے درجنوں نمائندوں کو بارڈر سے دور ایک جگہ پر روک دیا۔ کوریج کے لئے میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد اس وقت وہاں موجودتھی۔

 

ویلکم ونگ کمانڈر ،مودی کا ٹوئٹ
    وزیراعظم نریندر مودی نے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی محفوظ وطن واپسی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی بے مثال بہادری پر ملک کو فخر ہے۔انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ویلکم ہوم ونگ کمانڈر ابھی نندن۔ ملک کو آپ کی بے مثال بہادری پر فخر ہے۔ ہماری افواج سے 130 کروڑ ہندستانیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ ہندوستانی صدر جمہوریہ نے بھی ٹوئٹر پر لکھا ویلکم ٹو ہوم۔
عزت کیساتھ قید میں رکھا،دفتر خارجہ
    پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا۔ایک  بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی  پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ کی جانب سے  ہندوستانی   مگ  21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کئے  جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کے لئے  امن کی علامت کے طور پر انہیں ہندکے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں:- -  - -پلوامہ حملے سے انڈین پائلٹ کی گرفتاری تک- - - - اب تک کیا ہوا؟

شیئر: