Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ٹائم مینجمنٹ کی اہمیت پر سیمینار اورموسم بہار کی آمد پر فیملی پکنک

معروف اسکالر تصدق گیلانی نے طلباء کو وقت کی اہمیت سے اجاگر کیا ،میلے میں  لذیذ کھانوں کے اسٹالز، پتنگ بازی کے مقابلے اور میوزیکل  
 ذکاء اللہ محسن۔ریاض
٭ معروف موٹیویشنل اسپیکر اور تجزیہ نگار تصدّق گیلانی کے ساتھ’’How to Handle Challenges and Lead to Success‘‘کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار کے منتظم پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک تھے۔ طلبا و طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے اس منفرد پروگرام میں شرکت کی۔ یہ مرکز پاکستان میں توانائی پر تحقیق کے حوالہ سے منفرد حیثیت اور شہرت رکھتا ہے۔تصدق گیلانی نے نہایت موّثر انداز میں طلبا کو درپیش چیلنجز اور ان سے بہترین انداز میں نمٹ کر اپنے مقاصد کے حصول کے حوالے سے بنیادی نکات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طلبا کو’’time management‘‘ اپنے موقف کو موثر انداز میں پیش کرنے اور زندگی کے مقاصد کا تعین کرکے ان کے مکمل حصول تک مسلسل کوشش کرنے کی ترغیب دی۔ شرکا نے بہت توجہ اور انہماک سے2گھنٹے پر محیط اس لیکچر کو سنا اور سوالات پوچھے۔ تقریب کے آخر میں یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے تصدق گیلانی کو اظہارِتشکرکے طور پر اعزازی شیلڈ پیش کی گئی اور ان کے خوبصورت اندازِ خطاب کو بے حد سراہا گیا۔
     ٭آر کیو پروڈکشن کی جانب سے ریاض میں فیملی فن میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں مردو خواتین کے علاوہ بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔مقامی پارک میں منعقد ہونے والے فیملی فن میلے میں پتنگ بازوں نے خوب پتنگیں اڑائیں اور ایک دوسرے کی پتنگیں کاٹ کر خوشی کا اظہار کرتے رہے ۔فضا بو کاٹا کے نعروں سے گونجتی رہی۔  میوزک کے تڑکے نے بھی خوب سماں باندھے رکھا۔ پاکستانی لذیذ کھانوں پر پاکبانوں کی بڑی تعداد لطف اندوز ہوتی نظر آئی۔بچوں کی مستی کا بھی خوب ماحول پیدا کیا گیا تھا۔ بچوں نے جھولے اور کارریس میں زیادہ دلچسپی دکھائی۔فیملی فن میلے کے آرگنائزر راحیل قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے ساتویں ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی پاکبانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے رونق بخشی ۔ مسز فواد اور آرجے فواد نے کہا کہ ہم آر کیو پروڈکشن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اتنا اچھا ایونٹ منعقد کیا ۔ساجدہ چوہدری نے کہا کہ خزاں کا موسم جانے اور بہار کا موسم آنے کو ہے ، اس اعتبار سے ہم موسم بہار کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں اور یہاں آکر بہت مزہ آیا اور خوب مل بیٹھنے کا موقع ملا۔زاہد شریف نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے ہماری ثقافت کو فروغ ملتا ہے اور ہمیں دلی خوشی میسر آتی ہے۔ دیگر شرکاء نے بھی ایونٹ کو سراہا۔
مزید پڑھیں:- - - -وزیر اعظم کے فیصلوں سے عالمی سطح پر پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوا

شیئر: