Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب پاکستان کو کوئی حکم نہیں دے سکتا،شہر یا ر آفریدی

اسلام آباد...وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واضح کیا ہے کہ ڈو مور کی باتیں ماضی کا حصہ بن چکیں۔ اب پاکستان کو کوئی حکم نہیں دے سکتا۔ سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ دوسروں کو عزت دیتے ہیں اور امن کی بات کرتے ہیں تاہم آزمائش کی گھڑی میں متحد ہو کر جواب دینا بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے وطن کے دفاع اور تحفظ کے لئے متحد ہے۔ بدھ کو نسٹ میں شجرکاری کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں شجرکاری اور بلین ٹری منصوبے کا آغاز کیا تو مذاق اڑایا گیا ۔ آج اس کی اہمیت کو محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں شجرکاری مہم کامیابی سے جاری ہے۔ اسلام آباد میں 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ ماحولیاتی آلودگی سے پوری دنیا متاثر ہے۔ دنیا میں یہ بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ماضی کی حکومتوں نے مستقبل کے چیلنجز کو نظر انداز کیا ۔ صاف پانی، آبی ذخائر میں کمی، اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسئلوں پر قابو پانے کے لئے تدابیر اختیار نہیں کیں، جس سے آنے والی زندگیاں داوپر لگ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک بننے جا رہا ہے۔ اس میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں میں منشیات کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ 

شیئر: