ریاض۔۔۔۔ کمیونیکیشن بورڈ میں مارکیٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر مفرح النہاری نے بتایا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران انٹرنیٹ کے استعمال کا دورانیہ بڑھا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ 2018ء کے دوران سعودی عرب میں مقامی اور غیر ملکی صارفین نے 15 ملین ٹیرابائٹ انٹرنیٹ استعمال کیا۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ مملکت میں دو تہائی صارفین یومیہ 4 گھنٹے سے زیادہ انٹرنیٹ استعما ل کررہے ہیں۔ کمیونکیشن بورڈ میں ادارہ منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر ہیثم الصقر نے بتایا کہ موبائل نیٹ ورک میں 46 فیصد اور لینڈ لائن نیٹ ورک میں 54 فیصد انٹرنیٹ استعمال کیاگیا۔ مجموعی طور پر 2018 میں 15 ملین ٹیرابائٹ سے زیادہ انٹرنیٹ خرچ کیاگیا۔ اس سے قبل انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ کے چیئرمین اور وزیر مواصلات عبداللہ السواحہ نے ریاض میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن گراف پر سالانہ فورم کی صدارت کی۔ اس میں سعودی اور غیر ملکی منتخب فیصلہ ساز شخصیات اور قائدین شریک ہوئے۔ مواصلاتی کمپنیوں کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹرز اور مواصلاتی اداروں کے سرکاری عہدیدار بھی شامل رہے۔ بورڈ کے گورنر ڈاکٹر عبدالعزیز الرویس نے فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن کا شعبہ جدید دور میں کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے بنیاد کا پتھر ہے۔