Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میٹرو کا پروگرام ختم

جدہ ۔۔۔ میئرجدہ انجینیئر صالح الترکی نے جدہ پبلک ٹرانسپورٹ کے سب سے اہم منصوبے جدہ میٹرو کا خواب ہوا میں تحلیل کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ نجی املاک کے بھاری معاوضہ جات اور زیر زمین آبی ذخائر حد سے زیادہ ہونے کے باعث جدہ میٹرو کا منصوبہ نافذ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے مقامی اخبارات اور ویب سائٹس کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں آئندہ بس سروس اور شٹل سروس پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ جلد ہی جدہ شہر میں 2انڈر پاس اور 6پل بنائے جائیں گے۔ یہ سب شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔الترکی نے یہ بھی بتایا کہ میونسپلٹی مشرقی جدہ کے محلوں کو ترجیحی بنیادوں پر جدید خطوط پر استوار کریگی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ انٹرنیشنل کنسلٹنٹس5انڈر پاس کے ڈیزائن تیار کررہے ہیں۔40منفرد قسم کے منصوبے شہر میں نافذ ہونگے۔ کئی انٹرنیشنل ہوٹل زیر تکمیل ہیں۔جدہ کے میئر نے غیر منظم محلوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ 60سے زیادہ غیر منظم محلے قائم ہیں۔ ان میں سے بیشتر نجی املاک پر بنالئے گئے ہیں۔ان سب کو زمیں بوس کیا جائیگا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ الرویس اورقصر خزام میں کچی بستیوں کی اصلاح کا مشن فیل ہوگیا ہے۔ 
 

شیئر: