Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیلے انڈے دینے والا ”ثرثار الشجر“ ، لیبیا کا قومی پرندہ

طرابلس : طرابلس سے 450کلو میٹر دور واقع سرت نامی شہر کے چڑیا گھر میں مٹیالے رنگ کے ایک پرندے نے جسے لیبیا کے شہری ”ثرثار الشجر“ (درخت سے باتیں بنانے والا پرندہ )کہتے ہیں گہرے نیلے رنگ کے انڈے دیدیئے۔ لیبیا میں ماحولیاتی امور کے ماہرین یہ انڈے دیکھ کر حیرت زدہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان انڈوں کی خبر وائرل ہوچکی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر صالح دریاق نے الشرق الاوسط سے گفتگو میں کہا کہ انہیں ”سرت شہر کے چڑیا گھر میں ”ثرثار الشجر“ نامی پرندے کا گھونسلہ ملا ہے ۔ یہ پرندہ لیبیا اور مغرب عربی کے ملکوں میں پایا جاتا ہے۔ انڈے گہرے نیلے رنگ کے ہیں۔
صالح دریاق نے کہا کہ یہ پرندہ لیبیا کے شمال وسطی علاقے میں پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے۔ البتہ لیبیا کے شمال مغرب نیز تیونس، الجزائر، مراکش، ماریطانیہ اور وسطی افریقہ کے بعض ممالک میں کثرت سے پایا جاتا ہے۔ 
صالح دریاق نے توجہ دلائی کہ زرزور اور ابو الحناءنامی پرندے نیلے رنگ کے انڈے دیتے ہیں۔ پہلی بار ثرثار الشجرنامی پرندے کے انڈے مذکورہ شکل و صورت میں سامنے آئے ہیں۔ یہ پرندہ اور اسکے انڈے اتفاقیہ طور پر دریافت ہوئے۔ ایک درخت کی شاخ پر چھوٹا سا کیمرہ نصب کیا گیا تھا ۔ اسی نے ثرثار الشجر پرندہ، اسکے گھونسلے اور اس کے انڈے ریکارڈ کئے ہیں۔ یہ 3سے 5انڈے دیتا ہے۔
یہ پرندہ 25سینٹی میٹر لمبا ہے۔ یہ 5تا 10پرندوں کے جھنڈ کیساتھ چلتا ہے۔ مخصوص قسم کے درختوں پر گھونسلے بناتا ہے۔
لیبیا کے اسکالر نے توجہ دلائی کہ ثرثار نامی پرندہ ماضی میں TURDOIDES کی جنس کے تحت شمار کیا جاتا تھا۔ البتہ 2018ءمیں کئے جانے والے ایک جامع جائزے میں اسے ARGYAکی جنس میں شامل کرلیا گیا۔ یہ لیبیا کا قومی پرندہ ہے۔ ساتویں عشرے کے اوائل میں لیبیا کے محکمہ ڈاک نے اس پرندے کی تصویر پر مشتمل ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا۔
 
 

شیئر: