Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بااثر ‘مسافر کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر موٹروے اہلکار معطل

 
 اعظم خان اسلام آباد
  ایک نجی کمپنی کی بس میں مسافرکی جانب سے ہوسٹس کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے ایف آئی اے کے افسر کو ’معافی‘ دلانے پر موٹروے حکام نے پولیس افسران اور ایک اہلکار کو معطل کردیا ۔
موٹروے پولیس کے ترجمان ثاقب وحید نے اردو نیوز کو بتایا کہ اتوار کی شام کو بس لاہور سے شیخوپورہ موٹروے مسافروں کو لے کرآرہی تھی۔
شیخوپورہ کے قریب بس پہنچی تو ایک مسافر جس نے خود کو وفاقی تحقیقاتی ادارے کا اہلکار ظاہر کیا ،نے اضافی پانی نہ دینے پر خاتون میزبان سے بدتمیزی شروع کردی۔ مبینہ ایف آئی اے اہلکار نے ہوسٹس کو سنگین نوعیت کی دھمکیاںبھی دیں۔
بس کے اندر ایک مسافر نے موبائل کیمرے سے اس واقعہ کی ویڈیو بھی بنالی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ ایف آ ئی اے اہلکار ہوسٹس پر چلا رہا ہے اور وہ بے بسی میں رو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس میں موجود دیگر مسافر معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بعد ازاں ہوسٹس نے دوران سفر ہراسگی کے واقعہ کی شکایت موٹر وے پولیس کو درج کرادی۔
موٹروے ترجمان کے مطابق پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد بس کو روک دیا ۔ خاتون میزبان کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور دھمکیاں دینے والے شخص کو بس سے نیچے اتاردیا۔خاتون میزبان ایف آئی اے ’اہلکار‘ کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے پر بضد تھیں تاہم موقع پر موجود موٹروے پولیس افسران نے ایسا نہ ہونے دیا۔
فوری طور پر مکمل قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر انہیں معطل کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ایک کمیٹی قائم کردی گئی جو 3 دن میں رپورٹ اعلیٰ حکام کو دے گی۔
 

شیئر: