Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ بی جے پی کے جیتنے سے شاید مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل آئے: عمران خان

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جیتنے سے امن مذاکرات کو آگے بڑھنے کا بہتر موقع ملے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رﺅئٹرز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے چند غیر ملکی صحافیوں کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ کہا ہے کہ پاکستانی حکومت ’کشمیر میں سرگرم شدت پسند گروہوں سمیت تمام مسلح تنظیموں کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے انہیں پاکستانی فوج کی حمایت بھی حاصل ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اگر انڈیا میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوئی تو دائیں بازو کی طرف سے دباﺅ کی وجہ سے ان کے لیے کشمیر کے معاملے پر کسی معاہدے پر پہنچنا مشکل ہوگا، تاہم اگر دائیں بازو کی جماعت بی جے پی جیت جاتی ہے تو شاید مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل آئے‘۔
انہوں نے کہاکہ ’اس کے باوجود مودی کے انڈیا میں کشمیر کے مسلمانوں اور عام مسلمانوں کے ساتھ اجنبیوں جیسا سلوک برتا جارہا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’انڈیا میںجو کچھ اب ہو رہا ہے میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا ، مسلمانیت پر حملہ ہورہا ہے۔‘
روئٹرز کے مطابق عمران خان کاکہنا تھا کہ ’کئی سال پہلے انڈیا کے مسلمانوں نے انہیں بتایا تھا کہ وہ وہاں خوش ہیں لیکن اب وہ بھی ہندو انتہا پسندوں سے پریشان ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی اسرائیلی وزیر اعظم کی طرح ڈر اور قوم پرست جذبات ابھار کر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے دہائیوں پرانا جموں و کشمیر کا خصوصی قانون، جس کے تحت غیر ریاستی عناصر کو وہاں جائیداد کی خریداری کی اجازت نہیں ہے، کو ختم کرنے کا اعلان تشویش ناک ہے تاہم یہ بھی الیکشن جیتنے کا ایک حربہ ہوسکتا ہے۔
عمران خان نے بھارت کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کشمیر میں سرگرم شدت پسندوں سمیت تمام مسلح تنظیموں کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے اور اس کے لیے حکومت کو پاکستان کی فوج کی طرف سے پوری حمایت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سیاسی جدوجہد ہے جس کا کوئی فوجی حل نہیں، مسلح تنظیمیں جب پاکستان کی سرحد پار کرتی ہیں تو انڈین فورسز کے کریک ڈاﺅن کی وجہ سے کشمیری ہی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران اس سے قبل بھی کئی موقعوں پرامید ظاہر کر چکے ہیں کہ انڈیا میں انتخابات کے بعد کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کے امکانات موجود ہیں۔
انڈیا میں جمعرات سے مرحلہ وار عام انتخابات کا آغاز ہونے جا رہا ہے جو19 مئی تک جاری رہے گا۔
 

شیئر: