Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’سعودی خواتین نے گاڑیوں کا گلابی رنگ مسترد کردیا‘‘

خواتین کے بارے میں یہ رائے عام ہے کہ وہ گلابی رنگ کی دلدادہ ہوتی ہیں، کپڑے ہوں یا جوتے،ہینڈ بیگ ہو یا گھڑی، خواتین گلابی رنگ کا ہی انتخاب کرتی ہیں۔ مگر سعودی خواتین نے گاڑیوں کے انتخاب کے معاملے میں اس عمومی تصور کو غلط ثابت کردیا۔
سعودی عرب میں کار ساز کمپنیوں، گاڑیوں کے تاجروں اور مارکیٹنگ کے ماہرین اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب خواتین نے اپنے لیے سفید اور سلور رنگ کی گاڑیاں پسندکیں۔
 الوطن اور اخبار 24کے مطابق سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعدگاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کا خیال تھا کہ خواتین گلابی اور بنفشی رنگ کی گاڑیوں ہی میں دلچسپی لیں گی لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوا تاہم، سپورٹس اور پرآسائش گاڑیوں سے متعلق ماہرین کی توقعات درست ثابت ہوئیں۔
 سعودی خواتین مختلف رنگوں کی گاڑیوں میں دلچسپی لے رہی ہیں اور اس سلسلے میں مردوں اور خواتین کے درمیان کوئی واضح فرق ریکارڈ پر نہیں آیا۔ 
شورومز میں کام کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد گاڑیوں کی طلب میں چار فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی خواتین گاڑیوںمیں پانچ نمایاں ترین خصوصیات پر زیادہ زور دے رہی ہیں۔ ان میں سینسرز، سکیورٹی سسٹم، عقبی کیمرا، فیول خرچ اور فاضل پرزوں کی آسانی سے فراہمی شامل  ہیں۔
گاڑیوں کے شو رومز کے ذمہ داران اور مارکیٹنگ مینجرزکا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے سودوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ خواتین کے لیے گاڑیوں کی ملکیت کی راہ میں انشورنس کارروائی کا عمل کچھ طویل ہے۔
 

شیئر: